وزیراعلیٰ خیبر پی کے کا چشمہ لفٹ کینال منصوبے پر آئندہ سال کام شروع کرنے کا اعلان

جمعرات 28 اپریل 2016 20:37

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے کہا ہے کہ گزشتہ15 سالوں سے التواء کا شکار چشمہ لفٹ کینال منصوبے کو موجودہ صوبائی حکومت اورپارلیمانی لیڈروں نے 2سال کی طویل جدوجہد کے بعد مشترکہ مفادات کونسل سے منظور کرایا جس کی تعمیر آئندہ سال 121ارب روپے کی لاگت سے شروع ہورہی ہے جس سے 246140ایکٹر اراضی سیراب اور ڈھائی لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہو گی۔

وہ جمعرات کے روز وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں جنوبی اضلاع کے منتخب عوامی نمائندوں سے چشمہ کینال منصوبے پر گفتگو کر رہے تھے۔ سینئر صوبائی وزیر برائے ایریگیشن سکندر حیات خان شیرپاؤ، صوبائی وزیر مال علی امین گنڈا پور، معاون خصوصی برائے ٹرانسپورٹ ملک شاہ محمد وزیر، ایم پی اے احتشام ،سیکرٹری ایریگیشن اختر رشید، فوکل پرسن چشمہ لفٹ کینال منصوبہ محمد اقبال خلیل کے علاوہ دیگر متعلقہ حکام بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک نے اس موقع پر مذکورہ منصوبے کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے واضح کیا کہ چشمہ لفٹ کینال منصوبہ گزشتہ 15سالوں سے التوا کا شکار تھا جسے موجودہ صوبائی حکومت اور پالیمانی قائدین کی مشترکہ کاوشوں سے مشترکہ مفادات کونسل سے منظور کرایا گیا جس کی تکمیل سے صوبہ پانی میں اپنے حصے کو کسی حد تک استعمال کرنے کے قابل ہو جائے گا۔

انہوں نے واضح کیا کہ وفاقی حکومت نے دیگر تینوں صوبوں کو سکیمیں دے دی تھیں مگر خیبر پختونخوا کو محرو م رکھاگیا تھا۔ موجودہ حکومت نے دو سال کی طویل جدوجہد سے اس سکیم کو منظور کرایا جو کہ صوبے کے عوام کا بنیادی حق تھا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر کیلئے آئندہ مالی سال میں رقم مختص کی جائے گی اور آئندہ سال سے ہنگامی بنیادوں پر اس کی تعمیر کا آغاز ہو گا۔

انہوں نے مزید واضح کیا کہ معاہدے کے مطابق منصوبے کی لاگت کا 35فیصد صوبائی حکومت برداشت کرے گی جبکہ بقیہ 65فیصد وفاقی حکومت نے فراہم کرنا ہے اور وہ بھی صوبے کا حق ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ صوبائی حکومت کا ہے اور اس کی تعمیرا ور دیکھ بھال بھی صوبائی محکمہ ایریگیشن کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے کی تعمیر کیلئے وسائل کا اہتمام بھی صوبائی حکومت کر رہی ہے۔

سیکرٹری ایریگیشن اختر رشید نے اس موقع پر منصوبے کی تفصیلات سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ منصوبہ ڈیرہ اسماعیل خان میں چشمہ سے لیکررمک تک 19گاؤں کی تقریباً 246140رقبہ اراضی کو سیراب کرے گا جبکہ منصوبے کی مجموعی لمبائی بشمول کینال و دیگر نظام 582میل ہے۔ انہوں نے بتایاکہ چشمہ کنال سے پانی کا اخراج 2613 کیوسک ہو گا وزیراعلیٰ پرویز خٹک نے اس موقع پر منصوبے کی تعمیر کے سلسلے میں تیاریوں پر کام تیز کرنے کی ہدایت کی انہوں نے منصوبے کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہاکہ آئندہ سال کے شروع میں منصوبے کی تعمیر پرکام یقینی بنایا جائے گا انہوں نے کہاکہ منصوبے کی تکمیل سے نہ صرف صوبہ اپنے حصے کا پانی استعمال کرنے کے قابل ہوگابلکہ اس سے ڈھائی لاکھ سے زائد آبادی مستفید ہو گی اور روزگار کے مواقع بھی پید اہوں گے۔

متعلقہ عنوان :