حکومت کا ڈیرہ کو ریلوے لائن منسلک اور کوٹلہ جام سے ڈیرہ دریاخان پل تک ریلوے ٹریک بچھانے کا منصوبہ شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا

جمعرات 28 اپریل 2016 20:37

ڈیر ہ اسماعیل خان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔28 اپریل۔2016ء) حکومت کا ڈیرہ کو ریلوے لائن منسلک کرنے اور کوٹلہ جام سے ڈیرہ دریاخان پل تک ریلوے ٹریک بچھانے کا منصوبہ شرمندہ تعبیر نہ ہوسکا۔ اس سلسلہ میں ہر دور میں یہ اعلان کیاجاتا ہے کہ ڈیرہ ڈویژن اور اسکے ملحقہ علاقوں کے لاکھوں مسافروں کو ریلوے کے ذریعے سستی اور محفوظ ترین سفری سہولیات فراہم کرنے کے لئے کوٹلہ جام ریلوے اسٹیشن جو کہ ڈیرہ سے صرف چند کلومیٹر کے فاصلے پر واقع ہے کو ریلوے لائین بچھا کر ملایا جارہا ہے۔

کئی مرتبہ سروے بھی مکمل ہوئے اور PC-1بھی تیارہوئے لیکن ابھی تک کسی بھی حکومت نے اس پراجیکٹ پر کام شروع نہیں کیا جسکی وجہ سے ڈیرہ ڈویژن کے لاکھوں افراد ریلوے کی محفوظ اور سستی سواری سے محروم چلے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

سروے کے دوران یہ حقیقت سامنے آئی ہے کہ اگر مرکزی حکومت ڈیرہ شہر سے صرف تقریبا 25کلو میٹڑ پر واقع کوٹلہ جام ریلوے اسٹیشن سے فی الحال ڈیرہ دریا خان پل کے مشرقی کنارے تک بھی ریلوے لائین بچھا دے تو ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک ، جنوبی وزیرستان ، بنوں اور ضلع لکی مروت کے لاکھوں شہری ریلوے کے ذریعے کراچی، ملتان، راولپنڈی، میانوالی ، پشاور اور ملک کے دیگر شہروں محفوظ سفر کرسکیں گے۔

بین الاقوامی مبصرین نے بھی ریلوے کے سفر کو مسافروں کیلئے محفوط ترین سفر قرار دیا ہے۔ ڈیرہ سے کوٹلہ جام ریلوے اسٹیشن پر ریلوے لائین بچھانے کیلئے عوامی حلقوں نے کہا ہے کہ اگر حکومت کے پاس اس مختصر فاصلے کی ریلوے لائین بچھانے کے لئے فنڈز نہیں تو ان علاقوں کی عوام اپنی مدد آپ کے تحت فنڈز فراہم کرنے کے لئے تیار ہیں۔ عوامی حلقوں نے سیاستدانوں اور حکومتوں کی بے حسی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا ہے کہ ماضی میں بھی حکومت نے سیالکوٹ جیسے صنعتی شہر جہاں کا کھیلوں کا سامان بالخصوص فٹبال اور کرکٹ کا سامان بین الاقوامی شہرت کا حامل ہے کے کھیلوں کے سامان ترسیل کے لئے بین الاقوامی ائیر پورٹ تعمیر کرنے سے انکار کردیا تھا جس پر سیالکوٹ کی عوام نے اپنی مدد آپ کے تحت کروڑوں روپے کا چندہ کرکے سیالکوٹ انٹرنیشنل ائیر پورٹ تعمیر کرڈالا۔

ڈیرہ کی عوام مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ منظور شدہ کوٹلہ جام ، ڈیرہ ریلوے لائین کی تعمیر کے متعلق اپنا واضح اعلان کرکے اس پر کام شروع کرنے کے احکامات جاری کرے بصورت دیگر ڈیرہ کی عوام از خود آگے آکر چندہ اکٹھا کرکے اس کی تعمیر کو عملی جامہ پہنائیں گے۔ ۔

متعلقہ عنوان :