عوام وزیراعظم کے محافظ بنے رہیں گے، مخالفین منفی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں، وزیر اعظم کے ترقی کے ویژن سے خطے میں انقلاب آئے گا، کسی کو ترقی کا عمل روکنے کی اجازت نہیں دی جائیگی

گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا کا جلسہ عام سے خطاب

جمعرات 28 اپریل 2016 20:20

مانسہرہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) گورنر خیبرپختونخوا اقبال ظفر جھگڑا نے کہا ہے کہ ہم ملک کے عوام وزیراعظم نواز شریف کے محافظ بنے رہیں گے، مخالفین منفی سیاست سے ملک کو نقصان پہنچا رہے ہیں۔ جمعرات کو ہزارہ یونیورسٹی میں بڑے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے گورنر نے کہاکہ آج ان کے محبوب قائد مانسہرہ آئے ہیں اور گورنر کا حلف اٹھانے کے بعد میرا بھی یہ مانسہرہ کا یہ پہلا دورہ ہے۔

عوام کی بہت بڑی تعداد کی یہاں آمد اس بات کا واضح ثبو ت ہے کہ عوام ترقی کے ایجنڈے کو آگے بڑھانا چاہتے ہیں اور پاک چین اقتصادی راہداری کے منصوبے کو سیاسی سپورٹ ملی ہے ۔ انہوں نے کہاکہ مسلم لیگی کارکن پاکستان میں جمہوریت اور و زیر اعظم کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ بھی پیش کرنے کو تیار ہیں۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم کے ترقی کے ویژن سے خطے میں انقلاب آئے گا۔

انہوں نے کہاکہ بعض نادان سیاسی لیڈر کشیدگی کی فضاء پیدا کر کے اپنے مذموم سیاسی مقاصد حاصل کرنا چاہتے ہیں اگر اس وقت ترقی کا عمل رکا تو یہ عوام کا نقصان ہو گا اور کسی کو بھی ترقی کا عمل روکنے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔ انہوں نے کہاکہ وزیر اعظم نے ہزارہ موٹر وے اور یونیورسٹی کیلئے اربوں روپے کے فنڈز مختص کئے ہیں تعلیمی انقلاب بھی صوبے میں وزیر اعظم کی پالیسیوں سے ہی آئے گا۔ مخالفین منفی سیاست کر کے ملک کو نقصان پہنچانا چاہتے ہیں اور وزیر اعظم نواز شریف ملک و قوم کے محافظ کا کردار ادا کررہے ہیں