آئندہ تین روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخواہ ،سندھ ، بلوچستان میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا، محکمہ موسمیات

جمعرات 28 اپریل 2016 19:25

اسلام آباد ۔ 28 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء) آئندہ تین روز کے دوران اسلام آباد، پنجاب، خیبر پختونخواہ ،سندھ ، بلوچستان میں گرمی کی شدت میں اضافہ ہو گا۔ اس دوران دن کے درجہ حرارت میں 2 سے4 ڈگری سینٹی گریڈ تک اضافہ کا امکان ہے۔ محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے دوران گندم کی کٹائی کے بیشتر میدانی علاقوں خصوصًا پنجاب میں موسم گرم اور خشک رہے گا۔

خشک موسم کا فائدہ اٹھاتے ہوئے کاشتکار حضرات گندم کی کٹائی کا سلسلہ مکمل کریں۔

(جاری ہے)

اگلے ہفتے کے دوران پنجاب اور خیبر پختونخواہ میں گندم کی کٹائی کے بعض علاقوں میں تیز ہواوٰں/اندھی کے ساتھ بارش کا امکان ہے اس لئے گندم کے کاشتکاروں کو جلد سے جلد فصل کی کٹائی مکمل کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے۔گزشتہ24 گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشترعلاقوں میں موسم خشک اور گرم رہا جبکہ سکھر اور حیدر آباد ڈویژن میں موسم شدید گرم رہا۔ ملک میں سب سے زیادہ درجہ حرارت شہید بینظیر آباد، دادو 46، چھور، جیکب آباد اور رحیم یار خان میں 45 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔