مسلم لیگ ن کرپٹ لوگوں سے ووٹ کے ذریعے انتقام لے گی، ،اب پیسوں کی سیاست ختم اور نواز شریف کی سیاست کا وقت آگیا ہے،میرٹ،ترقیاتی کاموں اوریونیورسیٹیوں کے قیام کی سیاست ہوگی،پیپلز پارٹی کی حکومت نے چپڑاسی سے پروفیسر تک کی نوکریاں بیچیں

وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان برجیس طاہر کا مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب، باغ میں 50 کلومیٹر روڈز کی فوری مرمت اور نئی سڑکوں کی تعمیر کا اعلان

جمعرات 28 اپریل 2016 19:24

باغ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان چوہدری برجیس طاہر نے کہا ہے کہ ہم نے کبھی انتقامی سیاست نہیں کی ،مخالفین ورکرزکنونشنز سے ہی خوفزدہ ہوگئے ہیں، اب پیسوں کی سیاست کا وقت ختم اور نواز شریف کی سیاست کا وقت آگیا ہے،اب میرٹ،ترقیاتی کاموں اوریونیورسیٹیوں کے قیام کی سیاست ہوگی،مسلم لیگ ن کرپٹ لوگوں سے ووٹ کے ذریعے انتقام لے گی،پیپلز پارٹی کی حکومت نے چپڑاسی سے پروفیسر تک کی نوکریاں بیچیں،یونیورسیٹیوں کے چانسلرز تک کو پیسے لیکر بھرتی کیا گیا، ہائر ایجوکیشن کمیشن یونیورسیٹیوں میں غیرقانونی بھرتیوں کا نوٹس لے اور اس حوالے سے تحقیقات کرے۔

وہ جمعرات کو باغ میں مسلم لیگ ن کے ورکرز کنونشن سے خطاب کر رہے تھے ،انہوں نے کہا کہ گزشتہ ادوار میں آزاد جموں و کشمیر میں انتقام کی سیاست ہوئی موجودہ حکومت نے یونیورسیٹیوں میں بھی کرپشن کی،انہوں نے کہا کہ وفاق میں مسلم لیگ ن کی حکومت کو 3سال ہو گئے مگر ہم نے انتقامی سیاست نہیں کی،اور بلاجواز کسی پر انتقامی سیاست کرتے ہوئے مقدمات نہیں بنائے ،انہوں نے کہا کہ آج باغ کے لوگوں نے مسلم لیگ ورکرز کنونشن میں بڑی تعداد میں شرکت کر کے انتقامی سیاست کو ہمیشہ کیلئے دفن کردیا،انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن نے تو ابھی الیکشن سے قبل آزاد کشمیر میں کنونشنز کا انعقاد کر رہی ہے مگر مخالفین ورکرزکنونشنز سے ہی خوفزدہ ہوگئے ہیں،انہوں نے کہا کہ آزاد جموں وکشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت کی ناکام پالیسیوں کی وجہ سے آزاد جموں وکشمیر کی آمدن 18ارب سے کم ہو گئی ،آج آزاد کشمیر حکومت کے پاس سرکاری ملازمین کو تنخواہیں دینے کیلئے پیسے نہیں ہیں،انہوں نے کہا کہ موجودہ آزاد کشمیر حکومت کے پاس وزیروں اور مشیروں کی لمبی فہرست ہے مگر انہوں نے خطے کی بہتری کے اقدامات کی بجا ئے انتقامی سیاست کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کی آزاد کشمیر میں حکومت نہیں مگر پھر بھی وزیراعظم نواز شریف نے اسلام آباد سے مظفرآباد تک موٹروے اور ریلوے لائن کالا اعلان کیا۔انہوں نے کہاکہ آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت نے چپڑاسی سے پروفیسر تک کی نوکریاں بیچیں،یونیورسیٹیوں کے چانسلرز تک کو پیسے لیکر بھرتی کیا گیا،انہوں نے کہا کہ میں ہائر ایجوکیشن کمیشن کو خط لکھ رہا ہوں کہ وہ یونیورسیٹیوں میں غیرقانونی بھرتیوں کا نوٹس لے اور اس حوالے سے تحقیقات کرے ،انہوں نے کہا کہ اب پیسوں کی سیاست کا وقت ختم اور نواز شریف کی سیاست کا وقت آگیا ہے،اب میرٹ،ترقیاتی کاموں ،یونیورسیٹیوں کے قیام کی سیاست ہوگی،مسلم لیگ ن کرپٹ لوگوں سے ووٹ کے ذریعے انتقام لے گی۔

انہوں نے کہا کہ مشتاق منہاس نے میری توجہ باغ کی خستہ سڑکوں کی جانب دلائی ہے میں یہاں باغ کیلئے 50 کلومیٹر سڑکوں کی فوری مرمت اور نئی سڑکوں کی تعمیر کا اعلان کرتا ہوں۔