یاور جمالو منسٹر برائے دفاع آذر بائیجان کی زیر قیادت ایک سرکاری وفد نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ

پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبہ میں پہلے سے ہی گہرے روابط ،مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے،چیئرمین پی او ایف بورڈ

جمعرات 28 اپریل 2016 19:14

واہ کینٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) یاور جمالو وزیر دفاع آذر بائیجان کی زیر قیادت ایک سرکاری وفد نے پاکستان آرڈننس فیکٹریز کا دورہ کیا۔پی او ایف آمد پر لیفٹیننٹ جنرل عمر محمود حیات، ہلال امتیاز (ملٹری) چیئرمین پی او ایف بورڈ نے وفد کا استقبال کیا اور پی اوایف بورڈ ممبران سے متعارف کرایا۔ چیئر مین پی او ایف بورڈ نے اپنے استقبالیہ کلمات میں وفد کو بتایا کہ پی او ایف کا بنیادی مینڈیٹ پاکستان کی مسلح افواج کو اسلحہ و گولہ بارود کی فراہمی ہے اور پی او ایف اپنی مسلح افواج کی اسلحہ و گولہ بارود کی سو فیصد ضروریات پوری کرنے کے بعد اپنی فاضل پیداواری صلاحیت دنیا کے تیس سے زائد ممالک کو برآمد بھی کر رہاہے۔

چیئرمین پی او ایف بورڈ نے مزید کہا کہ پاکستان اور آذر بائیجان کے درمیان دفاعی پیداوار کے شعبہ میں پہلے سے ہی گہرے روابط ہے اور ان روابط کو مزید مستحکم کرنے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

تبسم رحمان ڈی آئی سی آر و ممبر پی او ایف بورڈنے اپنی تفصیلی بریفنگ میں وفد کو بتایا کہ پی اوایف چودہ فیکٹریوں پر مشتمل ایک بڑا صنعتی کمپلیکس ہے جس میں 14ذیلی ادارے اور چھبیس ہزار سے زائد ملازمین کام کر رہے ہیں۔پی اوایف نے ہمیشہ حالت جنگ و امن میں مسلح افواج کی طرف سے دئیے گئے اہداف کی بروقت تکمیل کو یقینی بنایا ہے ۔ وفد کو پروڈکٹ ڈسپلے لاؤنج کا دورہ کرایا گیا۔ یاور جمالو منسٹر برائے دفاع آذر بائیجان نے پی او ایف میں تیار ہونے والی مصنوعات کے اعلیٰ معیار کو سراہا۔

متعلقہ عنوان :