ہاسپٹل ویسٹ تلف کرنے کے لیے سینٹرلائزڈانسینریشن سسٹم قائم کرنے کا فیصلہ

چلڈرن ہسپتال کے انسینریٹر کو فل کپسٹی پر چلانے کا فیصلہ۔ سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن کی زیر صدارت اجلاس

جمعرات 28 اپریل 2016 18:45

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء )ہسپتالوں کا مضر صحت کوڑا کرکٹ تلف کرنے کے لیے سینٹر لائزڈانسینریشن سسٹم قائم کیا جارہاہے اس مقصد کے لیے چلڈرن ہسپتال کے انسزیٹر کو فل کپسٹی کے مطابق چلانے کے اقدامات کئے جارہے ہیں۔ اس بات کا فیصلہ سیکرٹری سپشلائزڈ ہیلتھ کیئر اینڈ میڈیکل ایجوکیشن نجم احمد شاہ کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا۔

اجلاس میں میڈیکل ڈائریکٹر چلڈرن ہسپتال پروفیسر ڈاکٹر احسن وحید راٹھور، پروکیورمنٹ سپشلسٹ محکمہ صحت طیب فرید کے علاوہ محکمہ صحت کے دیگر افسران اور انجینئرز نے شرکت کی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس وقت چلڈرن ہسپتال انسینریٹر 500کلو گرام ہاسپٹل ویسٹ تلف کر رہا ہے جبکہ اسکی اسطاعت کار 200کلو گرام فی گھنٹہ ہے اور 12گھنٹے میں24سو کلو گرام ہسپتال کاکوڑا کرکٹ ٹھکانے لگایا جاسکتاہے۔

(جاری ہے)

سیکرٹری ہیلتھ نجم احمد شاہ نے متعلقہ کمپنی کے انجینئرز کو ہدایت کی کہ انسینریٹرکو فل کپسٹی پر چلانے کے لیے اقدامات کئے جائیں اور فوری طور پر رپیر اینڈ منٹینس کا کام مکمل کر کے انسینی ریٹر کو فل کپسٹی پر چلایا جائے تاکہ دیگر ہسپتالوں کا مضر صحت ویسٹ مرکزی جگہ پر تلف کیا جاسکے۔ نجم احمد شاہ نے ہدایت کی کہ ہاسپٹل ویسٹ مینجمنٹ کے ایس او پی ایس کے مطابق ہسپتالوں کا مضر صحت کوڑا جمع کرنے سے لیکر اسے تلف کرنے تک تمام مراحل کی چیکنگ اینڈ مانیٹرنگ کا فول پروف سسٹم وضع کیا جائے تاکہ یہ کوڑا کرکٹ چوری نہ ہونے پائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ پہلے مرحلہ میں لاہور جنرل ہسپتال کو شامل کیا جائے اور اس کے بعد آہستہ آہستہ لاہور کے تمام سرکاری ہسپتالوں کا کوڑا تلف کرنے کے لیے چلڈرن ہسپتال کے انسینریٹر کو سینٹرل پوائنٹ بنایا جائے۔ نجم احمد شاہ نے کہا کہ ہسپتال سے کوڑا کرکٹ اکھٹا کرنے اور اسے چلڈرن ہسپتال کے انسینریٹر تک پہنچانے کاکام آؤٹ سورس کرنے کے آپشن پر بھی غور کرلیا جائے۔