Live Updates

وزیراعلیٰ پنجاب کا بہاولپور کیلئے ڈولفن پولیس سروس شروع کرنے کا اعلان، ملتان میں سیف سٹی پراجیکٹ کے اجراء کا فیصلہ

ڈولفن پولیس فورس کو بتدریج بڑے شہروں تک پھیلایا جائیگا، تھانہ کلچر میں بہتری کیلئے 200 سے زائد تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنائینگے ملک کے آپ پر بہت احسانات ہیں، آپ نے ان کو چکانا ہے، فرض سے پہلوتہی کرنے کی کوئی گنجاش نہیں،محمد شہباز شریف کا بہاولپور میں پولیس و انتظامی افسران سے خطاب

جمعرات 28 اپریل 2016 18:29

وزیراعلیٰ پنجاب کا بہاولپور کیلئے ڈولفن پولیس سروس شروع کرنے کا اعلان، ..

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیر صدارت کمشنر آفس بہاولپور میں امن عامہ کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں جنوبی پنجاب خصوصا ًبہاولپور ڈویژن میں امن عامہ کی صورتحال کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بہاولپور کیلئے ڈولفن پولیس سروس شروع کرنے اور ملتان میں سیف سٹی پراجیکٹ کے اجراء کا اعلان کیا ۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ لاہور ڈولفن فورس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور ڈولفن پولیس فورس کو بتدریج صوبے کے تمام بڑے شہروں تک پھیلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ملتان میں سیف سٹی پراجیکٹ کے اجراء کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تھانہ کلچر میں بہتری لانے کیلئے 200 سے زائد تھانوں میں فرنٹ ڈیسک بنائے جائیں گے جبکہ فرانزک سائنس لیب کے سیٹلائٹ سنٹر مرحلہ وار ڈویژن اور ضلع کی سطح تک لائے جائیں گے۔

(جاری ہے)

پولیس کو ہر صورت عوام کی توقعا ت پر پورا اترنا ہوگا۔ کرپشن کو پہلے برداشت کیا، نہ آئندہ کروں گا۔ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت مقدم ہے۔ امن عامہ کی صورتحال کو بہتر سے بہتر بنانے کے لئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔ لاؤڈسپیکر پر پابندی کی خلاف ورزی ، نفرت انگیز مواد کی تقسیم و اشاعت اور اشتعال انگیز تقریر کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ قانون کی حکمرانی یقینی بنانے سے ہی انصاف کے تقاضے پورے ہوتے ہیں۔پولیس قانون شکن عناصر اور جرائم پیشہ افراد کا سختی سے قلع قمع کرے۔انٹیلی جنس کی بنیادپر آپریشن تسلسل کے ساتھ جاری رکھا جائے۔ جرائم کی روک تھام کے لئے جدید ٹیکنالوجی سے بھرپور استفادہ کیا جائے۔ وزیر اعلی نے سٹیزن پولیس لائزان کمیٹیوں کو فعال کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ ان کمیٹیوں کو فعال کرنے سے امن عامہ کی صورتحال بہتر بنانے میں مدد ملے گی۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس میں موجود پولیس و انتظامی افسران سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ملک کے آپ پر بہت احسانات ہیں، آپ نے ان احسانات کو چکانا ہے۔آپ کے پاس اس فرض سے پہلوتہی کرنے کی کوئی گنجاش نہیں۔اس ملک نے آپ کو سب کچھ دیا ہے اور یہی وقت دھرتی کا قرض اتارنے کا ہے۔ آپ سب کو احساس ذمہ داری سے فرائض سرانجام دینا ہیں۔قانون کی عملداری اور انصاف کی حکمرانی یقینی بنانے کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھی جائے۔

مظلوم کی دادرسی اور ظالم کا ہاتھ روکنا آپ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ عوامی نمائندوں کے ساتھ ماہانہ اجلاس کے انعقاد میں کوئی کوتاہی کی گئی تو سختی سے نمٹوں گا۔ وفاقی و صوبائی وزرا، اراکین قومی و صوبائی اسمبلی ، انسپکٹر جنرل پولیس ، آرپی او بہاولپور اوراضلاع کے ڈی پی اوز نے اجلاس میں شرکت کی۔ صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اﷲ ، مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق ، چیف سیکرٹری او رمتعلقہ حکام ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شریک ہوئے جبکہ صوبائی وزیر بیگم ذکیہ شاہنواز ویڈیولنک کے ذریعے میانوالی سے اجلاس میں شریک ہوئیں۔

Live وزیراعظم شہباز شریف سے متعلق تازہ ترین معلومات