Live Updates

وزیراعظم پاناما لیکس پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے تو مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں

گے،ان کے پاس اب حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ‘ شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیے کہ پاکستان میں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں ‘ٹیکس چوری ، کرپشن اور الیکشن کمیشن کے ساتھ فراڈ کے تمام شواہد سامنے آ چکے ہیں، پوری قوم اور اپوزیشن وزیر اعظم سے تمام کرپشن کا جواب چا ہتی ہے ،نیب ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لے چیئر مین تحر یک انصاف عمران خان کی میڈیا سے گفتگو اور ٹوئٹر پیغام

جمعرات 28 اپریل 2016 18:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔28 اپریل۔2016ء) چیئر مین تحر یک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ وزیراعظم جب تک پاناما لیکس کے معاملے پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے تو مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے ،ا ن کے پاس اب حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ‘شریف خاندان نے عوامی پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے ، شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں جہاں شریف خاندان بغیر کسی احتساب کے عوام پر حکمرانی کر سکتا ہے‘ٹیکس چوری ، کرپشن اور الیکشن کمیشن کے ساتھ فراڈ کرنے کے حوالے سے تمام شواہد سامنے آ چکے ہیں اور ان تمام شواہد کی روشنی میں پوری قوم اور اپوزیشن اس بات پر متفق ہے کہ ہمیں وزیر اعظم سے تمام کرپشن کا جواب چاہیے‘ حکومت شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے عوامی ٹیکس کے پیسے کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے،نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیے ۔

(جاری ہے)

جمعرات کو میڈیا سے گفتگو اور اپنے ایک ٹوئٹر پیغام میں عمران خان نے کہا کہ وزیر اعظم سے ہمیں کچھ اور نہیں پوچھنا وہ صرف اس بات کا جواب دیں کہ ان کا اور ان کے بچوں کا تمام پیسہ ملک سے باہر کیسے گیا ، حسین نواز نے بیرون ملک اتنے مہنگے فلیٹس خریدے اس کیلئے ان کے پاس پیسہ کہاں سے آیا ، کیا یہ پیسہ پاکستانی تھا جو فلیٹوں کی خرید و فروخت کیلئے استعمال کیا گیا اگر ایسا ہے تو اس کا جواب دیا جائے کہ پاکستانی پیسے کو غیر قانونی طور پر بیرون ملک کیسے منتقل کیا گیا ۔

ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ پاناما لیکس کی جانب سے سکینڈل کی خبر کی اشاعت پر معافی مانگنے کا الزام بے بنیاد اور غلط ہے ، پاناما لیکس نے نواز شریف کے حوالے سے خبر کی اشاعت پر کوئی معافی نہیں مانگی اور نہ ہی اس خبر میں کوئی حقیقت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم کو اس وقت شدید پریشانی کا سامنا ہے اور وہ پریشانی کے عالم میں رابطے کرنے کیلئے ادھر ادھر بھاگ دوڑ کر رہے ہی ہے ۔

انہوں نے کہا اپنی کرپشن چھپانے کے لئے شریف خاندان نے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایشیا ء میں پاکستان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈکس سب سے نیچے ہے لیکن حکومت عوامی پیسے کو شریف فیملی کے آف شور اکانٹس سے توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیے جبکہ شریف فیملی کو چاہیے کہ اپنے آف شور اکانٹس کے دفاع کے لئے عوامی پیسے کے بجائے بیرون ملک بھیجے گئے اربوں روپے میں سے رقم استعمال کرے۔

عمران خان نے کہاکہ شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں جہاں شریف خاندان بغیر کسی احتساب کے عوام پر حکمرانی کر سکتا ہے۔انہوں نے کہاکہ وزیراعظم جب تک پاناما لیکس کے معاملے پر قوم سے سچ نہیں بولیں گے تو مزید دلدل میں دھنستے چلے جائیں گے ،ا ن کے پاس اب حکومت کرنے کا کوئی اخلاقی جواز باقی نہیں رہا ‘شریف خاندان نے عوامی پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے ۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات