نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں 200کے قریب مشتبہ مدارس کو بند کیا گیا، وزارت داخلہ

جمعرات 28 اپریل 2016 16:55

اسلام آباد ۔ 28 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔28 اپریل۔2016ء) نیشنل ایکشن پلان کے تحت ملک بھر میں 200کے قریب مشتبہ مدارس کو بند کیا گیا ہے جبکہ تقریباً اتنے ہی مدارس بیرونی رقوم سے چل رہے ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق ملک بھر میں 190سے زائد دینی مدارس بیرونی رقوم سے چل رہے ہیں۔ ان میں پنجاب میں 147، سندھ میں 6، خیبرپختونخوا میں 7اور بلوچستان میں30مدارس شامل ہیں۔

(جاری ہے)

ذرائع کے مطابق مدارس اصلاحات کے حوالے سے کمیٹی کام کر رہی ہے جس میں وزارت مذہبی امور اور وزارت تعلیم کو بھی نمائندگی دی گئی ہے یہ کمیٹی مدارس کے انضباط پر عملدرآمد کے ضمن میں اپنی سفارشات پیش کرے گی۔ وزارت کے ذرائع نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان کے تحت آئی سی ٹی اور پنجاب نے 100فیصد میپنگ مکمل کر لی ہے جبکہ سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور آزاد کشمیر میں میپنگ کی مشق جاری ہے، ملک بھر میں 182مشتبہ مدارس کو بند کیا گیا ہے جن میں پنجاب کے 2، سندھ کے 167، خیبرپختونخوا کے 13مدارس شامل ہیں۔

بند کردہ غیررجسٹرڈ مدارس کی تعداد 72ہے جو تمام کے تمام سندھ میں ہیں۔ وزارت کے ذرائع کے مطابق مدارس کی اصلاحات اور رجسٹریشن پر کافی وقت صرف ہو گا، حکومت اس سلسلے میں پیش رفت کر رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :