پنجاب کے 10اضلاع میں چینی شہریوں کی سکیورٹی غیراطمینان بخش قرار، موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری

جمعرات 28 اپریل 2016 16:10

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) محکمہ داخلہ پنجاب نے صوبے کے 10اضلاع میں چینی شہریوں کی سکیورٹی غیر اطمینان بخش قرار دیتے ہوئے متعلقہ پولیس افسران کو موثر اقدامات کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔نجی ٹی وی کے مطابق صوبے بھر میں جاری 79منصوبوں سے 5ہزار 925چینی شہری منسلک ہیں، جن کی سکیورٹی کے لیے 9ہزار 56سکیورٹی اہلکار تعینات ہیں۔

(جاری ہے)

چین سے تعلق رکھنے والے ماہرین اور دیگر افراد قوت کی سکیورٹی کے لیے فوج کے 462، ایف سی کے 42، رینجرز کے 323، پولیس کے1ہزار 413 اہلکار، اسپیشل برانچ کے 59اہلکار اور عسکری گارڈ کے 302اہلکار سکیورٹی کی ذمہ داریاں سرانجام دے رہے ہیں۔ اس کے علاوہ اسپیشل پروٹیکشن یونٹ کے 2ہزار 385، ڈیپارٹمنٹل سکیورٹی کے 2ہزار 259اور نجی سکیورٹی کمپنیوں کے ایک ہزار 811گارڈز بھی چینی شہریوں کے تحفظ کے لئے تعینات ہیں۔محکمہ داخلہ پنجاب کی جانب سے پولیس افسران کو مراسلہ جاری کیا گیا ہے کہ 79ترقیاتی منصوبوں میں سے 96فیصد کے سکیورٹی انتظامات ناقص ہیں، ضلعی پولیس افسران ان منصوبوں اور وہاں کام کرنے والے چینی شہریوں کی سکیورٹی کو یقینی بنائیں۔