شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے عوامی ٹیکس کے پیسے کا بے دریغ استعمال کیا جا رہا ہے‘عمران خان

جمعرات 28 اپریل 2016 16:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔28 اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت شریف خاندان کی کرپشن چھپانے کے لئے عوامی ٹیکس کے پیسے کا بے دریغ استعمال کر رہی ہے،نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیے ۔ سماجی رابطوں کی مائیکروبلاگنگ ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اپنی کرپشن چھپانے کے لئے شریف خاندان نے عوام کے ٹیکس کے پیسے سے سیاسی مخالفین کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایشیا ء میں پاکستان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈکس سب سے نیچے ہے لیکن حکومت عوامی پیسے کو شریف فیملی کے آف شور اکانٹس سے توجہ ہٹانے کے لئے استعمال کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ نیب کو حکومت کی جانب سے ٹیکس کے پیسے کو شریف فیملی کی کرپشن کے دفاع پر استعمال کرنے کا ایکشن لینا چاہیے جبکہ شریف فیملی کو چاہیے کہ اپنے آف شور اکانٹس کے دفاع کے لئے عوامی پیسے کے بجائے بیرون ملک بھیجے گئے اربوں روپے میں سے رقم استعمال کرے۔ عمران خان نے کہاکہ شریف خاندان کو پتہ ہونا چاہیے کہ یہ پاکستان ہے اور یہاں جمہوریت ہے بادشاہت نہیں جہاں شریف خاندان بغیر کسی احتساب کے عوام پر حکمرانی کر سکتا ہے۔

متعلقہ عنوان :