افغانستان سے 22 روز قبل 11 خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے :انٹیلی جنس اور پولیس ذرائع کا انکشاف

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 28 اپریل 2016 12:08

افغانستان سے 22 روز قبل 11 خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے :انٹیلی ..

اسلام آباد(ا ردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔28اپریل۔2016ء) افغانستان سے 22 روز قبل 11 خودکش حملہ آور پاکستان میں داخل ہوئے گئے 2 نے خیبر پختونخوا میں حالیہ خود کش حملے کیے۔انٹیلی جنس اور پولیس ذرائع کے مطابق حملہ آوروں کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے سجنا گروپ سے ہے۔ذرائع کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں اور ان کے پاکستان میں داخل ہونے سے متعلق معلومات انٹیلی جنس بیورو (آئی بی) نے حاصل کی اور اس حوالے سے متعلقہ حکام کو آگاہ کیا۔

ذرائع نے بتایا کہ خود کش بمبار پنجاب بالخصوص لاہور، راولپنڈی اور اسلام آباد میں حملہ کرسکتے ہیں۔حکام کا کہنا ہے کہ آئی بی نے انتظامیہ کو ہدایت کی ہے کہ وہ ممکنہ دہشت گردی کے خطرے کے پیش نظر ہسپتالوں، شاپنگ سینٹرز، بازاروں، پارکس، فوڈ اسٹریٹس اور شاپنگ مالز کے اندر اور اطراف میں سیکورٹی بڑھائیں۔

(جاری ہے)

سینئر پولیس افسر نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ انٹیلی جنس رپورٹ کے بعد حساس مقامات کی سیکورٹی بڑھادی گئی ہے، جبکہ انٹیلی جنس ایجنسیوں نے کچے کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں میں دہشت گردوں کی ممکنہ موجودگی کے پیش نظر سخت نگرانی شروع کر دی ہے۔پولیس افسر کا کہنا تھا کہ ان علاقوں میں خفیہ اداروں اور رینجرز نے اطلاعات کی بنیاد پر آپریشن کا بھی آغاز کردیا ہے۔