صوبائی وزراء شہرام خان تراکئی اور شاہ فرمان کا سول ہسپتال متنی و دیہی مرکز صحت بڈھ بیر کا دورہ

بدھ 27 اپریل 2016 20:47

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخواکے وزیر صحت شہرام خان تراکئی نے منگل کے روز صوبائی وزیر آبنوشی شاہ فرمان کے ہمراہ سول ہسپتال متنی اور دیہی مرکز صحت بڈھ بیر پشاور کا دورہ کیا اور دونوں ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات فراہم کرنے اور عملے کی کمی پورا کرنے کے احکامات جاری کئے۔ایڈیشنل سیکرٹری صحت معتصم باﷲ،ڈائریکٹر جنرل صحت ڈاکٹر پرویز کمال اورڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر پشاور ڈاکٹر جہانگیر بھی اس موقع پر موجود تھے۔

سول ہسپتال متنی کے دورہ کے دوران وزیر صحت نے عوامی شکایات پر عملے کی حاضری کے رجسٹر چیک کئے۔انہوں نے کہاکہ طب ایک مقدس پیشہ ہے حکومت اس پیشہ کو قدرکی نگاہ سے دیکھتی ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت نے ڈاکٹروں،پیرا میڈیکس اور نرسوں کی تنخواہیں بڑھا دی ہیں اب ڈاکٹروں اوردوسرے عملے کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے فرائض ایمانداری سے سر انجام دیں اور غریب عوام کو علاج معالجہ کی تمام سہولیات بہم پہنچائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے سول ہسپتال متنی کے لئے مقامی بلدیاتی نمائندوں پر مشتمل ایک چار رکنی کمیٹی بنائی جوہسپتال میں ڈاکٹروں کے مسائل کے علاوہ غیر حاضر عملے کے بارے میں بھی رپورٹ پیش کرے گی اسی طرح دیہی مرکزصحت بڈھ بیر کیلئے بھی حاجی نیازمحمدکی سربراہی میں ایک کمیٹی قائم کی گئی جوہسپتال کی صورتحال کے بارے میں اپنی رپورٹ پیش کریگی۔انہوں نے دونوں ہسپتالوں کیلئے بجلی کی تسلسل کے ساتھ فراہمی،ڈاکٹروں کی سیکیورٹی اور عملے کی کمی دور کرنے کے لئے متعلقہ حکام کو ہدایات جاری کیں۔

متعلقہ عنوان :