وفاقی حکومت نے چلڈرن ہسپتال پشاور کے فنڈز اسلامآبادمیٹروکومنتقل کردئیے،شہرام ترکئی

معاملہ وفاقی سطح پر ہر فورم پر اٹھائینگے، صوبے کے حقوق پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا،،وزیرصحت خیبرپختونخوا

بدھ 27 اپریل 2016 20:40

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر برائے صحت شہرام خان تراکئی نے کہا ہے کہ وفاقی حکومت نے فیڈرل پی ایس ڈی پی سے پشاور میں بننے والے چلڈرن ہسپتال کے فنڈز اسلام آباد میٹرو پر لگا دئیے ہیں جسکی وجہ سے زیر تعمیر یہ منصوبہ التواء کا شکار ہے۔اگر یہ منصوبہ پنجاب کے کسی شہرمیں بنناہوتا تو کب کا مکمل ہو چکا ہوتا۔

صوبائی حکومت اس پر خاموش نہیں رہے گی اوریہ معاملہ وفاقی سطح پر ہر فورم پر اٹھایا جائے گا کیونکہ یہ صوبے کے بچوں کے مستقبل اوریہاں کے عوام کے حقوق کا معاملہ ہے۔خیبر پختونخوا بھی اس ملک کا حصہ ہے وفاقی حکومت کو چاہیے کہ وہ وفاق کی تمام اکائیوں کوبرابر ی کی نظر سے دیکھے اور ان کو ان کاپورا پورا آئینی حق دے۔

(جاری ہے)

وہ بدھ کے روز پشاور میں خیبر انسٹی یوٹ آف چائلڈہیلتھ کے زیر اہتمام حفاظتی ٹیکوں کے عالمی ہفتے کی مناسبت سے منعقدہ ا یک تقریب سے بحیثیت مہمان خصوصی خطاب کر رہے تھے۔

بچوں کو مختلف مہلک بیماریوں سے بچانے کے لئے حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام کو مزید موثر اور مستحکم بنانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حفاظتی ٹیکوں کے پروگرام سے ہمارے بچوں کا مستقبل وابستہ ہے۔یہ پروگرام جتنا اچھا ہوگااتنا ہی ہمارے بچوں کا مستقبل محفوظ ہوگا اسلئے اس پروگرام کو مزید موثر بنانے کے لئے صوبائی حکومت ہر قسم کے مالی وسائل مہیاکرے گی مگر یہ صرف تنہا حکومت کا کام نہیں۔

اس پروگرام کے سو فیصداہداف کے حصول کے لئے محکمہ صحت،پاکستان پیڈیاٹرک ایسوسی ایشن،اس شعبے کے ماہرین، میڈیا، مقامی نمائندوں،بین الاقوامی اداروں اور دیگر تمام شراکت داروں کو ملکر ایک مربوط اور جامع حکمت عملی کے تحت کام کرنے کی ضرورت ہے۔وزیر صحت نے متعلقہ اداروں اور اس شعبے کے ماہرین پر زور دیا کہ وہ آپس میں مل بیٹھ کر اس پروگرام کو مزیدمستحکم بنانے کے لئے اپنی تجاویزحکومت کو پیش کریں اور یقین دلایا کہ صوبائی حکومت ان تجاویز پر عملدرآمد کو یقینی بنائے گی۔

اس موقع پر انہوں نے انکشاف کیا کہ پولیو مہم کو معمول کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم سے علیحدہ کیا جا رہا ہے اب پولیو مہم اور معمول کے حفاظتی ٹیکوں کی مہم کے لئے علیحدہ علیحدہ ٹیمیں اور عملہ مقرر کیا جائے گا تاکہ یہ دونوں مہمات ایک دوسرے کی وجہ سے متاثر نہ ہوں۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی سپیکر خیبر پختونخوااسمبلی ڈاکٹر مہر تاج روغانی نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں پر زور دیاکہ وہ بچوں کو مختلف قسم کی مہلک بیماریوں سے محفوظ رکھنے کیلئے حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت کے بارے میں عوامی شعور اور آگہی اجاگر کرنے میں اپنا اہم کردار ادا کریں۔

تقریب سے خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے ڈین ڈاکٹرگوہر رحمن،یونیسف کے مائیکل جوما،سکواش کے عالمی چیمپیئن قمرزمان،پروفیسر ڈاکٹر حمید اور دیگر نے بھی خطاب کرتے ہوئے حفاظتی ٹیکوں کی اہمت اور دیگر مختلف پہلوؤں پر تفصیلی روشنی ڈالی۔مختلف تعلیمی اداروں کے طلباء و طالبات،ڈاکٹر حضرات،منتخب بلدیاتی نمائندوں،یونیسیف اور عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں اور صحافیوں کی ایک کثیر تعداد نے اس تقریب میں شرکت کی۔ قبل ازیں خیبر انسٹیٹیوٹ آف چائلڈ ہیلتھ کے ڈین ڈاکٹر گوہر رحمان نے شرکائے تقریب کو حفاظتی ٹیکوں کی اہمیت،صوبے میں اس کی کوریج کی موجودہ صورتحال اور دیگر متعلقہ ا مور کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :