عام شاہراہوں کو جلسے جلوسوں کیلئے استعمال کرنے کی بجائے ہماری انتظامیہ کو ایک مخصوص جگہ نامزد کرنی چاہیے‘خاوررشید

بدھ 27 اپریل 2016 20:34

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء ) ایف پی سی سی آئی ریجنل قائمہ کمیٹی برائے امن وامان کے چیئرمین خواجہ خاوررشید نے کہاہے کہ عام شاہراہوں کو جلسے جلوسوں کے لیے استعمال کرنے کی بجائے ہماری انتظامیہ کو ایک مخصوص جگہ نامزد کرنی چاہیے، جہاں کوئی بھی جماعت عوامی مجمع لگا سکے، اسے قانون میں شامل کر کے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کاروائی کی جائے اور انڈیا کے جنتر منتر پارک کی مثال کی طرح پاکستان کے ہر بڑے شہر میں ایک جگہ کو جلسے جلوسوں کے لیے مختص کر دیا جائے، اگر ایسا ممکن ہوا تو بہت سے معاملات درست ہوجائیں گے، نا صرف دہشتگردی کی کاروائیوں کی روک تھام ممکن ہوجائے گی بلکہ عوام اور حکومت دونوں کو فائدہ حاصل ہوگا۔

اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ میرا انڈیا میں ایک عوامی جلسہ دیکھنے کا اتفاق ہوا ایک تو عوام حکومت کی نامزد جگہ پر بنا کسی اشتعال انگیزی کے جمع ہوئی انہوں نے ٹریفک کے نظام کو ڈسٹرب کیا نا ہی کسی سرکاری و نجی املاک کو نقصان پہنچایا جس سے انتظامیہ اور عوام دونوں ہی کو فائدہ حاصل ہو، اگر پڑوسی ملک میں کوئی اچھا قدم لیا گیا ہے تو اسے اپنے ملک میں بھی لاگو کرنا غلط نا ہوگا۔

(جاری ہے)

انہوں نے لاہور شہر کا حوالہ دیتے ہوئے مزید کہا کہ لاہور میں آئے روز مال روڈ پر کسی نہ کسی جماعت کا جلسہ یا ریلی منعقد ہوتی ہے۔ مال روڈ پر سرکاری و کاروبار اعتبار سے بہت سے اہم دفاتر واقع ہیں اور آئے روز مجمع لگ جانے سے ٹریفک، کاروبار اور عوام سب ہی ڈسٹرب ہوتے ہیں اور شر پسند عناصر ایسے موقع کا بھر پور فائدہ اٹھاتے ہیں جس سے نقصان صرف سرکار اور عام عوام کا ہوتا ہے بلکہ ساتھ ہی دہشت گردتنظیمیں بھی اپنی کاروائی کرنے کے لیے ایسے موقع کی تلاش میں ہوتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم جس نازک دور سے گزر رہے ہیں اس میں عوام کو بھی حکومت کا مکمل ساتھ دینا چاہیے اور قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے ایک مہذب شہری اور قوم ہونے کا ثبوت دینا چاہیے۔