فیصل آباد‘جہیز‘ بارات‘ بینڈ باجے اور تمام غیر شرعی رسومات کا بت توڑتے ہوئے نکاح کی بابرکت تقریب کا انعقاد

بدھ 27 اپریل 2016 18:20

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اپریل۔2016ء) جہیز‘ بارات‘ بینڈ باجے اور تمام غیر شرعی رسومات کا بت توڑتے ہوئے نکاح کی بابرکت تقریب منعقد ہوئی۔ تحریک سنت نکاح (رجسٹرڈ) کی طرف سے سادگی سے نکاح کروانے کا سلسلہ بدستور جاری وساری ہے جس کا مقصد لوگوں کیلئے آسانیاں پیدا کرنا ہے اور نکاح جیسے بابرکت فریضے کو آسان کرنا ہے تاکہ نکاح کے آسان ہونے سے زنا جیسے گھناؤنے جرم پر قابو پایاجاسکے اور امن کیساتھ ساتھ معاشرے میں جہیز اور بارات کے ناجائز بوجھ کی وجہ سے ہونے والی مزید برائیاں جن میں رشوت سود خوری‘ ملاوٹ‘ گردہ فروشیاں‘ بیٹیوں کے سروں میں چاندی آجانا لوٹ مار وغیرہ کو ختم کرنا ہے۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے تحریک کے امیر عامر محمدی نے کہا کہ جب تک نکاح آسان نہیں ہوگا۔

(جاری ہے)

معاشرے میں کبھی امن ہوہی نہیں سکتا۔ اگر امن ہوسکتا ہوتا تو پھر اتنی تبلیغ کے باوجود برائیاں آئے روز بڑھتی ہی کیوں جارہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جب تک کسی انسان کے مرید اس کی طاقت سے بڑھ کر بوجھ ڈالیں گے تو اس سے ہماری تبلیغ کیسے اثر کرے گی۔ سب سے پہلے ہندؤانہ رسومات جہیز اور بارات کا لاکھوں کا بوجھ غریبوں کے سر سے پتا نہیں پھر تبلیغ کریں تب ہی ہماری تبلیغ فائدہ دے گی۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر ڈاکٹر خالد فخر نے بھی کہا کہ جہیز اور بارات خالصتاً ہندوآنہ رسومات ہیں جن کو ختم کرنا ہوگا ورنہ معاشرے میں امن کے قائم ہونے کی آس نہ لگائیں۔ تحریک سے ایگزیکٹو ممبر شہزاد وسیم نے بھی نکاح کو آسان کرنے کی بڑی تاکید کرتے ہوئے کہا کہ سادہ نکاح میں بڑی برکتیں ہیں اور رسم و رواج والا نکاح برکتوں سے خالی ہوتا ہے۔ آخر میں عامر محمدی نے شرکاء سے نکاح کو آسان کرنے کا وعدہ لیا اور دعائیہ تقریب کا اختتام ہوا۔ تقریب میں ایگزیکٹو ممبران ڈاکٹر غلام مرتضیٰ‘ سیکرٹری نشرو اشاعت عامر یٰسین اور دیگر نے بھی شرکت کی۔