آئی سی آئی جے کی غلط بیانی کے اعتراف پر وفاقی کابینہ کا شدید ردعمل

وفاقی کابینہ کی وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالے سے انٹرنیشنل کنسورشیم فار انویسٹیگیٹو جرنلسٹ کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کی سخت مذمت کنسورشیم ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کرے، کابینہ کا مطالبہ

بدھ 27 اپریل 2016 18:00

اسلام آباد ۔ 27 اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اپریل۔2016ء) وفاقی کابینہ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کے حوالے سے انٹرنیشنل کنسورشیم فار انویسٹیگیٹو جرنلسٹ کی جانب سے لگائے جانے والے بے بنیاد الزامات کی سخت مذمت کی ہے جنہیں اب خود کنسورشیم نے ایک صحافتی غلطی قرار دیا ہے۔

(جاری ہے)

یہاں جاری ایک بیان کے مطابق آئی سی آئی جے کی غلط بیانی کے اعتراف پر وفاقی کابینہ نے بدھ کو اپنے اجلاس میں شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ کنسورشیم اس غلطی کے ذمہ داروں کا تعین کر کے ان کے خلاف فوری کارروائی کرے۔

وفاقی کابینہ نے وزیراعظم پاکستان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے ان کے اس اقدام کو سراہا کہ انہوں نے خود اپنے آپ کو اور اپنے پورے خاندان کو کھلے احتساب کے لئے سپریم کورٹ آف پاکستان کے سامنے پیش کر دیا ہے۔ وفاقی کابینہ نے اس عزم کا اعادہ بھی کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) اور پاکستان کے عوام، چند مفاد پرست اور ترقی دشمن افراد کو اس بات کی اجازت نہیں دیں گے کہ وہ پاکستان کی خوشحالی اور عوامی ترقی کے اس سفر کو سبوتاژ کریں۔

متعلقہ عنوان :