سورن سنگھ کے قاتلوں کو تین گھنٹے میں بے نقاب کرکے بونیر پولیس نے پوری فورس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے، آئی جی پی

شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی قانون کو ہاتھوں میں لینے والوں کیلئے کھلا پیغام ہے‘شرپسند عناصر اس واقعے سے فائدہ اُٹھاکر عوام میں خوف وہراس پھیلاناچاہتے تھے،بونیر پولیس کے اعزاز میں منعقدہ تقریب سے خطاب

بدھ 27 اپریل 2016 17:57

پشاور ۔27 اپریل ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔27 اپریل۔2016ء ) انسپکٹر جنرل آف پولیس خیبر پختونخوا ناصر خان درانی نے بدھ کو سنٹرل پولیس آفس پشاور میں منعقدہ ایک خصوصی تقریب میں بونیرپولیس کے افسروں اورجوانوں کو ڈاکٹر سردار سورن سنگھ کے قاتلوں کو بے نقاب کرکے گرفتار کرنے پرنقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔ ڈاکٹر سردار سورن سنگھ کے قاتلوں کو تین گھنٹے کی ریکارڈ مختصر مدت میں ٹریس کرکے گرفتار کرنے پرکارروائی میں حصہ لینے والی بونیر پولیس ٹیم کو خصوصی طور پر سنٹرل پولیس بلایا گیا جہاں ایک سادہ تقریب میں ان کی شاندارکارکردگی کو سراہاگیا۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ناصر خان دُرانی نے کہا کہ سردارسورن سنگھ کا قتل ایک بہت بڑاقومی المیہ تھا۔

(جاری ہے)

اور اس انتہائی اہم اور حساس نوعیت کے قتل کی خبر پوری دنیا میں جنگل کی آگ کی طرح پھیل گئی تھی۔ شرپسند عناصر بھی اس واقعے سے فائدہ اُٹھاکر عوام میں خوف وہراس پھیلاناچاہتے تھے اور یہ بونیر پولیس کے لیے بہت بڑا چیلنج تھا۔ تاہم بونیر پولیس نے جس سُرعت اور تیزی کے ساتھ اس کیس کوحل کیا اور جس ترتیب اورطریقے سے آپریشن کو آگے بڑھاتے ہوئے اصل ملزموں تک پہنچے ۔

وہ اعلیٰ مہارت کی ایک مثال ہے۔انہوں نے کہاکہ بونیر پولیس نے پوری فورس کا سر فخر سے بلند کردیا ہے اور یہ شاندار پیشہ ورانہ کارکردگی جرائم پیشہ افراد کے لیے کھلا پیغام بھی ہے کہ اگر وہ قانون ہاتھ میں لینگے توقانون کی گرفت سے بچ نہیں سکیں گے۔ آئی جی پی نے انعام یافتہ گان کے نام اعلیٰ پولیس اعزاز کے لیے وفاقی حکومت کو بھیجنے کا بھی اعلان کیا اور اُمید ظاہر کی کہ وہ آگے بھی بہترین کارکردگی سے فورس کا نام روشن کرکے اسی طرح عوام کے دل جیتیں گے۔

آئی جی پی نے ایس پی انوسٹی گیشن بونیر محمد عارف خان، ڈی ایس پی ہیڈ کوارٹرز محمد نعیم ، ایس ڈی پی اُو پیر بابا انسپکٹر فرمان اللہ ، ایس ایچ اُو پیر بابا انسپکٹر بخت زمین، ریزرو انسپکٹر خورشید انور، ایڈیشنل ایچ اُو پیر بابا سب انسپکٹر میر غزن، ایس ایچ اُو ڈگر سب انسپکٹر عبدالوکیل، ایس ایچ اُو نواگئی سب انسپکٹر فرخ سیر، سب انسپکٹر شیر علی، سب انسپکٹر حسین زادہ، سب انسپکٹر بخت فرین شاہ، سب انسپکٹر عثمان منیر، اے ایس آئی انور سعید،ہیڈ کانسٹیبل علی حسن اور کانسٹیبلان آصف خان، غنی افسر، بخت امیر، عبدالجلیل، عرفان، فلک شیر، شیر ولی، نور ملوک اور ممتاز رحیم کو نقد انعامات اور توصیفی اسناد سے نوازا۔

ریجنل پولیس افیسرمالاکنڈ آزاد خان، ڈی پی اُو بونیر خالد ہمدانی اور پرنسپل سٹاف آفیسر برائے آئی جی پی محمد افضل بھی اس موقع پر موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :