وزیر اعظم سے اراکین قومی اسمبلی کی ملاقات وزیراعظم کی فلاحی سکیموں کی تکمیل میں اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی

عوام سے اپنے وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں ،محمد نواز شریف کی ہدایت وزیراعظم کی قیادت میں عوام کی بہبود کیلئے کام کرنے کیلئے پرعزم ہیں ارکان کی گفتگو

بدھ 27 اپریل 2016 17:25

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) وزیراعظم محمد نواز شریف نے اراکین قومی اسمبلی کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام سے اپنے وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں وہ بدھ کو ارکان قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا، ندیم عباس ربیرا اور ملک ابرار احمد سے گفتگو کررہے تھے جنہوں نے ایوان وزیراعظم میں ان سے الگ الگ ملاقات کی۔

وزیراعظم نے کہا کہ ارکان قومی اسمبلی کو عوام سے اپنے وعدوں کی تکمیل میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھنی چاہیے جنہوں نے انہیں منتخب کر کے اپنے اعتماد کا اظہار کیا ہے۔ وزیراعظم نے ارکان پارلیمان کو ان کے حلقوں میں تمام جاری اور آئندہ کے ترقیاتی منصوبوں اور فلاحی سکیموں کی تکمیل میں اپنی مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ارکان پارلیمان نے کہا کہ ملک کی سلامتی کی صورتحال اور معیشت میں بہت زیادہ بہتری آئی ہے اور عوام امن اور ترقی کے ثمرات سے مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے ملک کو ترقی کی شاہراہ پر گامزن کرنے کے لئے وزیراعظم کی قیادت کو سراہا جس کے نتیجے میں سیکیورٹی کی صورتحال بہتر ہوئی اور ملک بھر میں بڑے پیمانے پر بنیادی ڈھانچے کی ترقی کے منصوبہ جات سے لوگوں میں نئی امید پیدا ہوئی۔ ارکان پارلیمان نے کہا کہ وہ وزیراعظم کی قیادت میں عوام کی بہبود کے لئے کام کرنے کے لئے پرعزم ہیں۔

متعلقہ عنوان :