چین آئندہ ہفتے پاکستان کو 4.2ارب ڈالر کا قرض فراہم کرے گا

بدھ 27 اپریل 2016 16:58

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اپریل۔2016ء ) چین پاکستان کو آئندہ ہفتے دو بڑے منصوبوں کے لئے 4.2ارب امریکی ڈالر کا قرض فراہم کرے گا۔ یہ قرض پشاور، کراچی(ملتان سکھر) موٹروے منصوبے اور قراقرم تھاکوٹ حویلیاں منصوبے کے لئے فراہم کیا جائے گا۔یہ قرضہ چین کا ایگزم بینک چین پاکستان اقتصادی راہداری پروگرام کے تحت دے گا۔ ذرائع کے مطابق چین اور پاکستان کے درمیان 4.2ارب امریکی ڈالر کے قرضے پر آئندہ ہفتے دستخط ہو جائیں گے ۔

معاہدے پر دستخط ہونے کے بعد ایگزم بینک دونوں منصوبوں کے لئے رقم جاری کر دے گا۔ ان میں سے 2.8امریکی ڈالر پشاور کراچی موٹروے منصوبے کے لئے اور1.38ارب ڈالر قراقرم تھاکوٹ حویلیاں منصوبے کے لئے ہوں گے۔سرکاری ذرائع کے مطابق یہ منصوبے مکمل ہونے کے بعد گوادر کی بندرگاہ ملتان،فیصل آباد، لاہور ، اسلام آباد، راولپنڈی، پشاور، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے ساتھ 6لین کی شاہراہوں کے ذریعے منسلک ہو جائے گی۔

(جاری ہے)

نیشنل ہائی وے اتھارٹی(این ایچ اے) کے ذرائع کے مطابق 230کلومیٹر کراچی ،لاہور موٹروے کے لاہور عبدالحکیم سیکشن کو اب پشاور ،کراچی موٹروے(پی کے ایم ) کا نیا نام دیا گیا ہے ۔ اس کی تعمیر میسرز چائنہ ریلوے 20بیورو گروپ کارپوریشن جبکہ 393کلو میٹر ملتان ،سکھر سیکشن کی تعمیر کا ٹھیکہ میسرز چائنہ اسٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن لمیٹڈ کو دیا گیا ہے ۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ اس منصوبے کے ذریعے کراچی سے دیگر شہروں حیدرآباد، مٹیاری ، ٹنڈوآدم ، شاداد پور ، نواب شاہ، خیر پور ، سکھر، پنوعاقل ، گھوٹکی، ابڑو، صادق آباد، رحیم یار خان ، ظاہر پیر، جلال پور پیر والا، ملتان ، خانیوال، عبدالحکیم ، پیر محل ، سمندری ، جڑانوالہ اور ننکانہ صاحب تک آمدورفت کی سہولتیں فراہم ہو جائیں گی۔ذرائع نے بتایا ہے کہ اقتصادی راہداری منصوبے کا اسلام آباد رائے کورٹ سیکشن کا پہلا مرحلہ حویلیاں سے تھاکوٹ تک تعمیر کیا جائے گا۔

حویلیاں سے تھا کوٹ سیکشن چینی امداد سے تعمیرہو گاجبکہ دوسرے مراحل” تعمیر کرو اور منتقل کرو“(بی اوٹی) کی بنیاد پر تعمیر کئے جائیں گے۔وہ کمپنیاں جو راہداری منصوبے میں سرمایہ کاری کریں گی انہیں روڈ ٹیکس کی وصولیوں میں سے ادائیگیاں کی جائیں گی ۔ہم اس سلسلے میں کسی بھی کمپنی کو پہلے سے کوئی مالی ضمانت فراہم نہیں کریں گے۔تاہم انہیں ٹال پلازے ،سروس ایریازدیے جائیں گے۔