لال مسجد کے نائب خطیب اسلحہ رکھنے پر گرفتاری کے بعدلائسنس جمع کرائے جانے پر رہاکردیئے گئے

بدھ 27 اپریل 2016 16:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔27 اپریل۔2016ء) لال مسجد کے نائب خطیب اسلحہ رکھنے پر گرفتاری کے بعدلائسنس جمع کرائے جانے پر رہاکردیئے گئے۔ نجی ٹی وی کے مطابق قانون نافذ کرنے والے اداروں نے اسلام آباد کے مضافاتی علاقوں میں ایک مشترکہ آپریشن کے دوران لال مسجد کے ایک خطیب اور 54 دیگر افراد کو گرفتار کر لیا تاہم بعدازاں مذکورہ خطیب کو شخصی ضمانت پر رہا کردیا گیا۔

پولیس کے مطابق لال مسجد کے نائب خطیب عامر صدیقی کو اس وقت حراست میں لیا گیا جب بارہ کہو پولیس اسٹیشن کے قریب ایک مدرسے کی تلاشی کے دوران ان کے پاس سے 3 کلاشنکوفیں برآمد ہوئیں، پولیس کا کہنا تھا کہ عامر صدیقی کی زیر سرپرستی چلنے والا یہ مدرسہ ایک نجی سکول کی جگہ پر قائم کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

جب عامر صدیقی اسلحے کے لائسنس دکھانے میں ناکام رہے تو انہیں پولیس سٹیشن منتقل کیا گیا، جہاں تھوڑی دیر بعد کچھ مقامی افراد اسلحے کا لائسنس لے کر پیش ہوئے جس کے بعد مذکورہ خطیب کو رہا کردیا گیا ‘ لائسنس کو پولیس نے تصدیق کیلئے اپنی تحویل میں لے لیا۔

جب لال مسجد شہداء فاونڈیشن کے ترجمان سے رابطہ کیا گیا تو انہوں نے گرفتاری کی تصدیق کی اور بتایا کہ صدیقی صاحب کی گرفتاری کی وجہ ان کی ملکیت سے 3 کلاشنکوفوں کا برآمد ہونا تھا ‘ان کا کہنا تھا کہ آپریشن پورے بارہ کہو میں کیا گیا جس میں عامر صدیقی کا گھر بھی شامل تھا۔ترجمان کا کہنا تھا کہ جب ہم نے رینجرز ترجمان سے بات کی تو انہوں نے یقین دہانی کروائی کہ عامر صدیقی کو رہا کردیا جائیگا۔

انہوں نے بتایا کہ عامر صدیقی کے قریبی ساتھی ڈاکٹرعابد اورکزئی نے پولیس سٹیشن جا کر ان کی ضمانت کراوئی۔سیکیورٹی فورسز کی جانب سے بارہ کہو کے علاقے مدینہ ٹاؤن، میرا بیگوال، اتھل اور پی ٹی وی کالونی میں بھی سرچ آپریشن کیا گیا۔اس آپریشن کے دوران 54 افراد کو حراست میں لیا گیا جن میں کچھ افغان شہری بھی شامل تھے جنہیں حراست میں لے کر تفتیش کے لیے منتقل کیا گیا۔

پورے آپریشن کے دوران بڑی مقدار میں اسلحہ برآمد ہوا ‘جن میں 19 بارہ بور کی بندوق، 108 بندوق کے راؤنڈ ‘ 1512راؤنڈز کے ساتھ 5 ایس ایم جی ‘3 نائن ایم ایم پستول 50 راؤنڈ کے ساتھ، ایک 44 بور کی بندوق 312 راؤنڈ کے ساتھ، ایک 22 بور کی رائفل اور اس کے 300 راؤنڈ، 2 سیون ایم ایم پستول اور اس کے 19 راؤنڈ، 18 تیس بور کی پستول اور 200 راؤنڈز، ایک 32 بور ریوالور اور 18 راؤنڈز، ایک 45 بور پستول اور 10 خنجر شامل ہیں۔

متعلقہ عنوان :