سیاسی مخالفین حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے خائف اور کامیابیوں سے نالاں ہیں‘وزیراعظم

بدھ 27 اپریل 2016 13:23

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اپریل۔2016ء) وزیراعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ سیاسی مخالفین مسلم لیگ (ن) کی حکومت کے ترقیاتی منصوبوں سے خائف اور کامیابیوں سے نالاں ہیں‘ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد 2018 کے انتخابات میں مخالفین کو اپنی شکست نظر آرہی ہے جس وجہ سے وہ ملکی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں‘ گوادر ہمارے ترقیاتی ایجنڈے کا بڑا محور ہے‘ توانائی منصوبوں میں لگنے والا 34ارب ڈالر قرض نہیں سرمایہ ہے‘ تمام عالمی ادارے معیشت کی بحالی اور حکومت کی مثبت پالیسیوں کا اعتراف کررہے ہیں۔

وہ بدھ کو یہاں وزیراعظم آفس میں وفاقی کابینہ کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اجلاس میں وفاقی وزراء‘ مشیران و معاونین خصوصی شریک ہوئے اور آئندہ مالی سال کے بجٹ کی حکمت عملی کا جائزہ و ملکی سیاسی و سلامتی کی صورتحال پر تبادلہ خیال کیاگیا۔

(جاری ہے)

آئندہ مالی سال کے وفاقی ترقیاتی بجٹ ‘ آپریشن ضرب عضب اور آئی ڈی پیز کے بجٹ ‘ معاشی ترقی کے اہداف‘ دفاعی بجٹ اور وفاقی وزارتوں کے اخراجات میں اضافے سمیت ٹیکس آمدن کے معاملات پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

اجلاس کو بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ چینی کونسل نے دو موٹر ویز منصوبوں کے لئے 4.5ارب ڈالر کی منظوری دیدی ہے ان منصوبوں میں سکھر تا ملتان موٹر وے اور حویلیاں تا تھاکوٹ موٹر ویز شامل ہے۔ وزیراعظم نواز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ منصوبوں میں شفافیت کے نئے معیار قائم کئے ہیں۔ بے حد خوشی ہے کہ تھر میں مقامی کوئلے سے بجلی کی پیداوار ہورہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ توانائی منصوبوں میں چونتیس ارب ڈالر قرض نہیں سرمایہ کاری ہے تمام ملکی و عالمی ادارے معیشت میں مضبوطی اور حکومت کی مثبت پالیسیوں کا اعتراف کررہے ہیں۔ یقین ہے کہ اپنے دور حکومت میں گیس کی قلت پر بھی قابو پالیں گے۔ انہوں نے کہا کہ 1999 کے بعد آنے والی حکومتوں نے توانائی شعبے میں رتی بھر سرمایہ کاری نہیں کی لیکن موجودہ حکومت اس سلسلے میں کام کررہی ہے۔

ہمارے سیاسی مخالفین بھی ہمارے انہی ترقیاتی پروگراموں سے خوفزدہ ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ سیاسی مخالفین ہماری کامیابیوں سے نالاں ہیں اور ہمیں ناکام بنانے کے لئے ملکی معاشی ترقی میں رکاوٹ ڈالنے کی کوشش کررہے ہیں۔ موجودہ حکومت کے ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل کے بعد 2018 کے انتخابات میں سیاسی مخالفین کی سیاست ختم ہوجائے گی۔ وزیراعظم نے کہا کہ گوادر ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے کا بڑا محور ہے ملکی کوئلے سے بجلی کی پیداوار بڑھ رہی ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق اجلاس میں پانامہ لیکس اور اس حوالے سے جوڈیشل کمیشن سے متعلق بھی بات چیت کی گئی۔ وزیراعظم نے جوڈیشل کمیشن کے قیام سے متعلق کابینہ اراکین کو اعتماد میں لیا۔