موجودہ حکومت عوام کی زندگیوں میں انقلاب لانے کے لئے پرعزم ہے‘ ہم ترقی کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لئے کوشاں ہیں‘ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کررہے ہیں

وزیراعظم میاں محمد نواز شریف کی ارکان قومی اسمبلی سے ملاقات میں گفتگو

بدھ 27 اپریل 2016 11:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔27 اپریل۔2016ء) وزیراعظم میاں محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت عوام کی زندگیوں میں انقلاب لانے کے لئے پرعزم ہے‘ ہم ترقی کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لئے کوشاں ہیں‘ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے اپنی توانائیاں صرف کررہے ہیں۔ بدھ کو وزیراعظم میاں محمد نواز شریف سے یہاں وزیراعظم ہاؤس میں مسلم لیگ (ن) کے ارکان قومی اسمبلی محسن شاہ نواز رانجھا‘ ندیم عباس ربیرا اور ملک ابرار احمد نے الگ الگ ملاقاتیں کیں جس میں باہمی دلچسپی کی امور سمیت ملکی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

ارکان قومی اسمبلی نے وزیراعظم کو اپنے انتخابی حلقوں میں عوامی فلاح و بہبود کے جاری منصوبوں پر پیش رفت سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

ملاقاتوں میں عوامی اہمیت کے حامل اور سیاسی امور پر گفتگو کی گئی۔ اس موقع پر ارکان قومی اسمبلی نے کہا کہ پاکستان کی سلامتی اور معاشی صورتحال میں بہتری آئی ہے۔ امن اور ترقی کے ثمرات کا فائدہ عوام کو پہنچ رہا ہے ۔ ارکان قومی اسمبلی نے ملک کو ترقی کی راہ پر گامزن کرنے پر وزیراعظم میاں نواز شریف کے کردار کو سراہا۔

انہوں نے کہا کہ سلامتی کی بہتر صورتحال اور انفراسٹرکچر کی ترقی سے عوام میں امید کی کرن پیدا ہوئی ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ موجودہ حکومت عوام کی زندگی میں انقلاب لانے کے لئے پرعزم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ترقی کے اصلاحاتی ایجنڈے پر عمل درآمد کے لئے کوشاں ہیں۔ عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لئے اپنی تمام توانائیاں صرف کررہے ہیں۔

وزیراعظم میاں نواز شریف نے کہا کہ منتخب ارکان قومی اسمبلی اپنے اوپر بھروسہ اور اعتماد کرنے والی عوام کی امیدوں پر پورا اترنے کے لئے بغیر کسی رکاوٹ کے اپنی جدوجہد جاری رکھیں۔ وزیراعظم نے ارکان قومی اسمبلی کو عوامی فلاح و بہبود اور خوشحالی کے لئے ان کے انتخابی حلقوں میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو بروقت مکمل کرنے کی یقین دہانی کرائی۔