ژوب میں زیرتعمیر منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے ،کمشنر ژوب ڈویژن غلام فرید

منگل 26 اپریل 2016 22:59

کوئٹہ۔ 26اپریل (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔26 اپریل۔2016ء) کمشنر ژوب ڈویژن غلام فرید کی زیر صدارت ڈویژنل آفیسران کا اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈائریکٹر زراعت توسیعی سعید احمد، ایس ای ایری گیشن شیرافگن، ایس ای پی ایچ ای محمد سلیم پانیزئی ودیگر نے شرکت کی۔ اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں کی نوعیت اور تکمیل کے حوالے سے کمشنر کو بریفنگ دی گئی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر کمشنر ژوب ڈویژن نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ژوب ڈویژن میں زیرتعمیر منصوبوں کی تکمیل سے عوام کی زندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے اور انہیں سہولیات کی فراہمی میں مدد ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ آنے والی نسلوں کے لئے پانی کا ذخیرہ نہایت ضروری ہے جس کے لئے نئے ڈیمز تعمیر ہونے چاہیں۔ زمیندار کم پانی والے فصل کی کاشت کو ترجیح دیں اور گھریلو استعمال میں پانی کا ضیاع نہ ہونے دیں۔ اس موقع پر ایس ای پی ایچ ای نے بتایا کہ لورالائی شہر کو پانی کی فراہمی پہلے سے بہتر ہے اور جلد شہر میں پینے کے پانی کا مسئلہ حل ہوجائے گا۔ اجلاس میں مختلف محکموں میں جاری ترقیاتی اسکیمات کی تکمیل اور کام کے معیار پر بحث ہوئی اور جلد تکمیل کا اعادہ کیا گیا۔