بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کی بہتری ، تربیتی بجٹ کو دس ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار کیا جا رہا ہے، سمیع الدین صدیقی

منگل 26 اپریل 2016 19:43

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 اپریل۔2016ء) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کے لئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کی تربیت کو بہتر بنانے کے لئے تربیتی بجٹ کو دس ہزار سے بڑھا کر پچاس ہزار کیا جا رہا ہے اس بات کا اعلان میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے محکمہ انفارمیشن ٹیکنالوجی کے تحت بلدیاتی ملازمین کے لئے منعقد ہونے والے کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور نیٹ ورکنگ کورس کے شرکاء میں اسناد تقسیم کرنے کے موقع پر کیا۔

تقریب میں سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی مسعود عالم، ڈائریکٹر آئی ٹی کمال احمد اور آئی ٹی ڈپارٹمنٹ کے دیگر افسران بھی موجود تھے۔ میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے اپنے خطاب میں اس بات پر خوشی کا اظہار کیا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے عملے کو پہلی بار کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور نیٹ ورکنگ کے شعبے میں اعلیٰ معیار کی تربیت فراہم کی جا رہی ہے جس سے بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف شعبوں کو فوائد حاصل ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کمپیوٹر ٹریننگ کے تربیتی بجٹ کو ناکافی قرار دیتے ہوئے کہا کہ آئندہ بجٹ میں اسے دس ہزار روپے ماہانہ سے بڑھا کر 50 ہزار روپے کیا جا رہا ہے تاکہ بلدیاتی ملازمین کو معیاری کمپیوٹر ٹریننگ کی فراہمی میں کوئی رکاوٹ نہ ہو انہوں نے ملازمین پر زور دیا کہ وہ پوری محنت اور دلجمعی سے کمپیوٹر کی تربیت حاصل کریں اور اپنی پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو مزید بہتر بنائیں تاکہ ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئے اور شہریوں کو مزید بہتر انداز میں بلدیاتی خدمات مہیا کی جاسکیں۔

قبل ازیں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی مسعود عالم نے ٹریننگ کورس کے شرکاء پر زور دیا کہ وہ یہاں حاصل ہونے والے علم اور مہارت کو اپنے دفاتر میں جا کر بروئے کار لائیں اور اپنے کام سے بہتر سے بہتر نتائج دیں انہوں نے کہا کہ تربیتی سلسلے کا مقصد بلدیہ عظمیٰ کراچی میں آئی ٹی کی تربیت یافتہ افرادی قوت فراہم کرنا ہے جس کی بدولت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے مختلف محکموں کے جملہ امور میں تیزی کے ساتھ بہتری لائی جاسکتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ محکمہ آئی ٹی اپنے ٹریننگ سینٹر کی ضروریات سے بخوبی آگاہ ہے اور انہیں بتدریج پورا کیا جا رہا ہے تاہم وہ یہاں ٹریننگ حاصل کرنے والے ملازمین سے بھی توقع رکھتے ہیں کہ وہ اس ٹریننگ کا بہترین اور مفید استعمال جاری رکھیں گے۔ اس موقع پر محکمہ آئی ٹی کے تحت کمپیوٹر کورسز کے انعقاد کی تفصیل بتاتے ہوئے ڈائریکٹر کمپیوٹر ٹریننگ فخرالدین نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے سینکڑوں ملازمین کو کمپیوٹر کی بنیادی اور اعلیٰ تربیت فراہم کی جاچکی ہے اور اب تک 86 سے زائد کمپیوٹر ٹریننگ کورسز کا انعقاد کیا جاچکا ہے جبکہ 1600 سے زائد ملازمین ان سے مستفید ہوئے ہیں اور مستقبل میں مزید اعلیٰ کورسز کے انعقاد کا پلان بنایا گیا ہے۔

انہوں نے میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی اور سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی مسعود عالم کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ان کی سرپرستی اور رہنمائی کی بدولت بلدیہ عظمیٰ کراچی کے ملازمین کو آج دوران ملازمت اعلیٰ معیار کی کمپیوٹر ٹریننگ کے مواقع میسر آرہے ہیں اور تربیت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، انہوں نے ٹریننگ انسٹرکٹر محمد جنید رانا، بلال احمد اور عامر رضا کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس کورس کے انعقاد میں ان افراد کی کاوشیں ہمارے لئے معاون ثابت ہوئی ہیں۔

قبل ازیں شرکاء کی نمائندگی کرتے ہوئے محمد اسمٰعیل نے کمپیوٹر ہارڈ ویئر اور نیٹ ورکنگ پر منعقد ہونے والے کورس پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے متعدد تجاویز دیں۔ انہوں نے سینئر ڈائریکٹر آئی ٹی اور میٹروپولیٹن کمشنر کے ایم سی کا بھی شکریہ ادا کیا۔بعد ازیں میٹروپولیٹن کمشنر سمیع الدین صدیقی نے ٹریننگ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔

متعلقہ عنوان :