چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے وہ کسی کے دباؤ کا شکار نہیں،سردار عتیق

کشمیر کونسل کے انتخابات وقت پر کروانے کے اعلان سے اچھا پیغام ملا ہے آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے ،پریس کانفرنس سے خطاب

منگل 26 اپریل 2016 19:40

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 اپریل۔2016ء) آل جموں و کشمیر مسلم کانفرنس کے صد و سابق وزیر اعظم سردار عتیق احمد خان آزاد کشمیر نے کہا ہے کہ چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی کے دباؤ کا شکار نہیں اور کشمیر کونسل کے انتخابات وقت پر کروانے کے اعلان سے اچھا پیغام ملا ہے مسلم لیگ(ن) نے جو پیسے کشمیر کونسل کے ذریعے انتخابات میں پری پول رگنگ کے لئے اپنے امیدواروں کو دیئے ہیں انہیں متاثرین کشمیر اور کشمیر کی ترقی پر خرچ کرنا چاہئے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا ۔ اس موقع پر مسلم کانفرنس کے راہنما ملک نواز ، مہرالنساء ، رشید چغتائی بھی موجود تھے پریس کانفرنس میں پیپلزپارٹی کے دو راہنما سردار نوید انور اور منظور ایڈووکیٹ نے پیپلزپارٹی کو چھوڑ کر سینکڑوں ساتھیوں سمیت مسلم کانفرنس میں شمولیت کا اعلان کیا اس موقع پر صدر مسلم کانفرنس سردار عتیق احمد خان نے کہا کہ اس وقت تک چیف الیکشن کمشنر آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات کو شفاف بنانے کے لئے کمر بستہ ہیں اور ان کے اقدامات سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ وہ کسی کے دباؤ کا شکار نہیں اور آئندہ الیکشن شفاف طریقے سے کروائیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم نے الیکشن کمیشن سے مطالبہ کیا تھا کہ کشمیر کونسل کے انتخابات وقت پر کروائے جائیں کیونکہ (ن) لیگ کی قیادت نے شور ڈالا ہوا تھا کہ کونسل کے الیکشن جنرل الیکشن کے بعد کروائے جائیں انہوں نے کہا کہ ہم الیکشن کمیشنر کے شکرگزار ہیں کہ انہوں نے کونسل کے انتخابات وقت پر کروانے کا اعلان کر دیا ہے ۔ سردار عتیق احمد خان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ(ن) آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کونسل کے پیسے اپنے امیدواروں کو دے کر پری پول رگنگ کر رہی ہے اس پیسے کو متاثرین کشمیر پر لگانے کی ضرورت ہے آج کشمیر کونسل کے ممبران کونسل کے باہر ھرنا دیئے ہوئے ہیں جو کہ چیئرمین کشمیر کونسل کے لئے شرم کا مقام ہے انہوں نے کہا کہ آزاد کشمیر کے آئندہ انتخابات میں کسی صورت دھاندلی نہیں ہونے دیں گے ۔