ہماری سیاست کا بنیادی مقصد پختونوں کے مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنا ہے ،سکندرحیات خان شیر پاؤ

منگل 26 اپریل 2016 18:46

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) خیبر پختونخوا کے سینئر وزیر اور قومی وطن پارٹی کے صوبائی چیئرمین سکندر حیات خان شیر پاؤ نے سی پیک کے ثمرات سے جنوبی اضلاع کو مستفید کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ یہ منصوبہ نہ صرف ملک بلکہ پختونوں اور باالخصوص جنوبی اضلاع کیلئے انتہائی اہمیت کا حامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہارانہوں نے منگل کے روز اپنی رہائشگاہ وطن کور پشاور میں ایک شمولیتی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پرضلع کوہاٹ کے یونین کونسل شیر کوٹ اور علی زئی سے منتخب عوامی نمائندوں ملک اشتیاق حسین ، سید نجم الحسن،عابد علی ایڈوکیٹ،سید ہلا ل حسین،سید اقدار حسین،عادل خان،حسین محمود،خلیل محمود،محمد اقبال،سابقہ ناظمین عنایت علی،ملک منظر حسین اورعلی حسن نے اپنے ساتھیوں اور خاندانوں سمیت قومی وطن پارٹی میں شمولیت کا اعلان کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے سینئر وزیر نے کہا کہ ہماری سیاست کا بنیادی مقصد پختونوں کے مسائل و مشکلات کے خاتمے کیلئے جدوجہد کرنا ہے کیونکہ موجودہ صورتحال میں پختون قوم انتہائی سخت حالات سے گزر رہی ہے اور دہشت گردی کی وجہ سے شدید متاثر ہو چکی ہے لہٰذا اب پختونوں کی مشکلات کے ازالہ کیلئے ٹھوس اقدامات اٹھانے کی ضرورت ہے۔

انھوں نے کہا کہ جنوبی اضلاع کی تعمیر و ترقی ہماری اولین ترجیح ہے اور ان کی صحیح نمائندگی کو یقینی بنائیں گے۔انھوں نے کہا کہ چشمہ رائٹ بنک کینال کا منصوبہ جنوبی اضلاع کاایک دیرینہ اور اہم مسئلہ تھا جس میں حائل رکاؤٹوں کو صوبائی حکومت نے حل کردیا اور بہت جلد اس پرکام شروع کیا جائے گا منصوبہ5ارب روپے کی لاگت سے مکمل کیا جائے گا جس سے علاقہ میں زرعی خوشحالی آئے گی۔

انھوں نے پارٹی میں شمولیت کرنے والوں کو خوش آمدید کہتے ہوئے کہا کہ قومی وطن پارٹی میں لوگوں کی شمولیت کا ایک نہ ختم ہونے والا سلسہ شروع ہو چکا ہے جو پارٹی پر صوبے کی عوام کے اعتماد کا مظہر ہے۔صوبے بھر سے لوگوں کی جوق در جوق شمولیت اس بات کی عکاس ہے کہ قومی وطن پارٹی ہی وہ واحد جماعت ہے جو پختونوں اور صوبے کو درپیش مسائل سے چھٹکارا دلانے کیلئے عملی جدوجہد کر رہی ہے۔اس موقع پر قومی وطن پارٹی کے صوبائی انفارمیشن سیکرٹری طارق احمد خان،محمد نثار خان ایڈوکیٹ ،کیو ڈبلیو جنوبی زون کے سیکرٹری جنرل محمودالاسلام ایڈکیٹ اور ضلع کوہاٹ کے عہدیداران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :