نواز شریف کے مشیر انہیں درست مشورے نہیں دیتے،پاناما لیکس پر نواز شریف کو قوم سے خطاب کی نہیں، اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت تھی،جنرل راحیل شریف نے بہت اچھے اقدام کیے ،احتساب سب کا ہونا چاہیے

سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سید یوسف رضا گیلانی کی ملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو

منگل 26 اپریل 2016 16:12

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔26 اپریل۔2016ء) سابق وزیراعظم اور پیپلزپارٹی کے سینئررہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہاہے کہ نواز شریف کے مشیر انہیں درست مشورے نہیں دیتے۔پاناما لیکس پر نواز شریف کو قوم سے خطاب کی نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت تھی۔جنرل راحیل شریف نے بہت اچھے اقدام کیے ،احتساب سب کا ہونا چاہیے۔

منگل کے روزملتان ائیرپورٹ پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سابق وزیراعظم سید یوسف رضا گیلانی کا کہنا تھا کہ جنرل راحیل شریف نے اچھے اقدام کیے ہیں، تاہم پاناما لیکس بھی ایک اہم مسئلہ ہے، جس کی انکوائری ہونی چاہیئے۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر ہماری حکومت ہوتی تو تمام کیسز بھی کھل جاتے اور استعفیٰ بھی لے لیا جاتا، جبکہ اپوزیشن جماعتوں میں اتحاد ہوتا تو وہ اپنے مطالبات منوالیتیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاناما لیکس پر نواز شریف کو قوم سے خطاب کی نہیں بلکہ اپوزیشن جماعتوں کو اعتماد میں لینے کی ضرورت تھی۔ وزیراعظم کے مشیر انہیں درست مشورے نہیں دیتے۔انکا کہنا تھا کہ چھوٹو گینگ کے خلاف کامیاب آپریشن اور چھوٹو کی زندہ گرفتاری پر سیکورٹی فورسز کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تاہم ہوسکتا ہے چھوٹو بھی دوسرا عزیر بلوچ ثابت ہو۔ لیہ میں زہریلی مٹھائی سے ہونے والی ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ان کا مزید کہنا تھا کہ اتنا بڑا سانحہ لاہور میں ہوتا تو پورے ملک میں ہلچل مچ جاتی لیکن یہاں اس کو نظر انداز کیا گیا ہے۔