ینگ ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف صوبے کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند ‘ مریض رل گئے

منگل 26 اپریل 2016 14:48

ینگ ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف صوبے کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی سرکاری ..

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) سرگودھا میں تین روز قبل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال میں ینگ ڈاکٹروں پر تشدد کے خلاف صوبے کے مختلف شہروں میں دوسرے روز بھی سرکاری ہسپتالوں کی او پی ڈیز بند رہیں جس کے باعث مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا کر نا پڑا اطلاعا ت کے مطابق لاہور ‘راولپنڈی ‘ فیصل آباد ‘ ملتان اور سرگودھا سمیت دیگر شہروں کے سرکاری ہسپتالوں میں ینگ ڈاکٹرز کا احتجاج منگل کو بھی جاری رہا احتجاج کے دوران ینگ ڈاکٹرز نے اسپتالوں کی او پی ڈیز پر تالے لگادیئے ہیں جس کی وجہ سے مریض اور ان کے ساتھ آنے والے شدید مشکلات کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹروں کا کہنا ہے کہ انہیں مریضوں کی مشکلات کا اندازہ ہے لیکن ان کے مطالبات جائز ہیں، جب تک سرگودھا میں ڈاکٹروں پر تشدد کرنے والوں کے سرپرستوں کے خلاف مقدمہ قائم نہیں کیا جائے گا اور ذمہ داروں کے بجائے ڈاکٹروں کی معطلی کا فیصلہ واپس نہیں لیا جائے گا وہ اپنا احتجاج جاری رکھیں گے۔واضح رہے کہ 3 روز قبل سرگودھا کے ڈسٹرکٹ ہیڈکوارٹرز ہسپتال میں ینگ ڈاکٹروں کو مبینہ طور پر مقامی رکن پنجاب اسمبلی کے کارندوں نے تشدد کا نشانہ بنایا تھا۔