پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے عوام کی تقدیر بدل دیگا ‘ ملک میں معاشی انقلاب کا زینہ بنے گا ‘وزیر اعظم

منگل 26 اپریل 2016 14:47

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔26 اپریل۔2016ء) وزیر اعظم محمد نواز شریف نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ پاکستان کے عوام کی تقدیر بدل دیگا ‘ ملک میں معاشی انقلاب کا زینہ بنے گا ‘ حکومت کا اصل مقصد عوام کی خدمت کر نا ہے ‘ مقصد کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے ‘ اراکین اپنے شب و روز عوام کی فلاح و بہبود کیلئے وقف کر دیں ‘ اللہ تعالی کی مدد ونصرت اور عوام کی دعاؤں سے پاکستان جلد اندھیروں سے نکل کر ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔

منگل کو مسلم لیگ (ن) کے ایم این اے بابر نواز خان ، سید محمد ثقلین بخاری ایم این اے اور ملک سلطان محمود ہانجرا ایم این اے نے وزیراعظم محمد نواز شریف سے وزیراعظم ہاؤس اسلام آباد میں علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

تینوں ملاقاتوں میں وزیراعظم کے معاون خصوصی برائے سیاسی امور ڈاکٹر آصف کرمانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں تینوں ایم این اے حضرات نے اپنے اپنے علاقوں میں جاری ترقیاتی کاموں، عوامی مسائل اور سیاسی معاملات کے بارے میں وزیراعظم سے گفتگو کی۔

تینوں ایم این ایز نے وزیراعظم کو بتایا کہ عوام حکومت کے ترقیاتی منصوبوں اور کارکردگی سے بے حد مطمئن ہیں اور وزیراعظم کی عوام دوست پالیسیوں پر بھرپور اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ وزیراعظم نے کہا کہ ان کی حکومت کا اصل مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے اور وہ اس مقصد کے حصول کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھیں گے ۔ وزیراعظم نے تینوں رہنماؤں کو تلقین کی کہ وہ اپنے شب وروز عوام کی فلاح وبہبود کیلئے وقف کردیں۔

وزیراعظم نے مزید کہا کہ وہ خود دن رات پاکستان کو درپیش مسائل کے حل کیلئے کوشاں ہیں اور اللہ تعالی کی مدد ونصرت اور عوام کی دعاؤں سے پاکستان جلد اندھیروں سے نکل کر ترقیافتہ ممالک کی صف میں کھڑا ہوگا۔ وزیراعظم نے کہا کہ سی پی ای سی پاکستان کے عوام کی تقدیر بدل دیگا اور ملک میں معاشی انقلاب کا زینہ بنے گا، وزیراعظم نے کہا کہ وہ اپنی تمام تر توجہ توانائی اور ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل پر مرکوز کئے ہوئے ہیں اور انشاء اللہ جلد ان منصوبوں کے مکمل ہونے کے ثمرات عوام تک پہنچنا شروع ہو جائینگے۔

وزیراعظم نے کہا کہ کچھ لوگ حکومت پر ناجائز تنقید کر کے ہمیں ہمارے اصل مقصد یعنی ترقی کے سفر سے ہٹانا چاہتے ہیں تاہم وہ اپنے مذموم مقاصد میں ناکام ہونگے اور پاکستان میں ترقی اور خوشحالی کا سفر جاری رہیگا۔

متعلقہ عنوان :