کراچی، عزیزآباد سے ایم کیو ایم کا ٹارگٹ کلر گرفتار

منگل 26 اپریل 2016 11:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔26 اپریل۔2016ء) شہر قائد کے علاقے عزیزآباد میں رینجرز نے ٹارگٹڈ آپریشن کے دوران ایم کیو ایم سے تعلق رکھنے والے انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلرکوگرفتار کرلیا،قبضہ سے بھاری تعداد میں تخریب کاری کا سامان اور رینجرز کی وردیاں بر آمد کرلی گئیں ۔تفصیلات کے مطابق رینجرز اہلکاروں نے علی الصبح عزیز آباد مور پارک قریب سرچ آپریشن کیا، جس دوران علاقے کے داخلی اور خارجی راستے سیل کر دیئے گئے۔

(جاری ہے)

رینجرز عہدیدار کرنل فیصل نے صحافیوں کو بتایا کہ نائن زیرو کے قریب آپریشن کے دوران ملزم محمد کاشف عرف ڈیوڈ کو گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ ملزم کا تعلق ایم کیو ایم سے ہے، ملزم انتہائی مطلوب ٹارگٹ کلر تھا اور طویل عرصے سے بیرون ملک مفرور تھا۔انہوں نے کہا کہ ملزم کی نشاندہی پر رینجرز اہلکاروں نے مخصوص گھروں کی تلاشی لی، جہاں سے بڑی تعداد میں اسلحہ بھی برآمد کیا گیا۔قبضے میں لیے جانے والے اسلحے میں بارودی مواد، کلاشنکوف، ایل ایم جیز، آر پی جیز اور گولیوں کے علاوہ رینجرز کی وردیاں بھی شامل ہیں۔ملزم کو تفتیش کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا۔ رینجرز ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم کے سرغنہ کاشف ڈیوڈ سے سنسنی خیز انکشافات متوقع ہیں۔

متعلقہ عنوان :