پاکستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم ملک ،عالمی دنیا میں بھی ایک اہم مقام حاصل ہے، کلائیڈیو راجہ گاباگیلا

پاک چائنہ اقتصادی راہداری سے خطے کے ممالک کے درمیان روابط قائم ہوں گے ، برازیلی سفیر کی صحافیوں سے گفتگو

پیر 25 اپریل 2016 22:39

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) پاکستان میں برازیل کے متعین سفیر کلائیڈیو راجہ گاباگیلا نے کہا ہے کہ پاکستان جغرافیائی اعتبار سے انتہائی اہم ملک ہے، جس کو نہ صرف علاقائی لحاظ سے بلکہ عالمی دنیا میں بھی ایک اہم مقام حاصل ہے، پاکستان کا گوادر بندرگاہ اور پاک چائنہ اقتصادی راہداری معاشی، تجارتی اور باہمی تعاون کے لحاظ سے ایک منفرد منصوبہ ہے جس سے ناصرف خطے کے ممالک بلکہ دوسرے خطوں کے درمیان روابط قائم ہوں گے اور تمام ممالک تجارتی، اقتصادی اور ثقافتی اعتبار سے ایک دوسرے کے قریب آئیں گے۔

یہ بات انہوں نے نیشنل پریس کلب میں ’’میٹ دی پریس‘‘ میں صحافیوں سے گفتگو میں کہی۔ قبل ازیں نیشنل پریس کلب پہنچنے پر معزز مہمان کا صدر نیشنل پریس کلب شکیل انجم، سیکرٹری عمران یعقوب ڈھلوں، فنانس سیکرٹری اسحاق چوہدری و ایگزیکٹو ممبران کے علاوہ صحافیوں کی کثیر تعداد نے استقبال کیا اور پھولوں کا گلدستہ بھی پیش کیا۔

(جاری ہے)

برازیل کے سفیر کا مزید کہنا تھا کہ برازیل پرامن، یقین باہمی اور باقی دنیا کے ساتھ تعاون پر یقین رکھتا ہے۔

برازیل اور پاکستان کے درمیان تجارت، ثقافت اور لوگوں کے درمیان باہمی روابط کے انتہائی اہم مواقع موجود ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان تجارت کا حجم 370 ملین ڈالر ہے۔ جس سے آئندہ مزید بڑھانے کے لئے تمام اقدامات کئے جا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں برازیل پاکستان بزنس کونسل بھی بنا دی گئی ہے دونوں ملکوں کے درمیان تجارتی مواقع بڑھانے کے لئے دونوں اطراف سے کوشش کی جا رہی ہیں اور دونوں ملکوں کے درمیان ثقافتی ہم آہنگی موجود ہے اور انہوں نے مزید کہا کہ افغانستان میں مفاہمت کی ضرورت ہے اور افغانستان کے مسئلے کا حل ہونا خطے میں اقتصادی خوشحالی کے لئے انتہائی اہم ہے معزز مہمان نے کہا کہ برازیل کا عالمی سیاست میں ایک اہم کردار ہے جس میں پاکستان کے ساتھ قریبی تعلقات قائم ہوں گے۔

برازیل مقابلے کی فضا کی بجائے باہمی تعاون اور تعلقات کی پالیسی پر عمل پیرا ہے۔ پاکستان کے لوگ خاص طور پر کے پی کے کے لوگ انتہائی مہمان نواز ہیں اور وہ امن اور برداشت پر یقین رکھتے ہیں۔ مسئلہ کشمیر دونوں ممالک کا مسئلہ ہے جس کو دونوں ممالک باہمی رضا مندی سے حل کریں۔ انہوں نے صحافیوں کے کردار کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے مشکل حالات میں صحافت کرنے پر آپ لوگ مبارکباد کے مستحق ہیں۔ اس موقع پر انہوں نے صحافیوں کے لئے مارشل آرٹ کی کلاسز کا بھی اعلان کیا۔ جبکہ نیشنل پریس کلب کی جانب سے ان کو اعزازی شیلڈ اور ایسوسی ایٹ ممبر شپ سے بھی نوازا گیا۔

متعلقہ عنوان :