دہشت گردی، بدعنوانی جیسے مسائل کے سدباب کیلئے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت ہے، ممنون حسین

نئی نسل کی دینی و ملی اقدار کے مطابق بہتر تربیت کرکے ایسی خرابیوں پر باآسانی قابو پا کر آئندہ کیلئے ان کا راستہ روکا جا سکتا ہے، سب لوگ خلوص نیت ،لگن سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو ملک ترقی کریگا،اقتصادی راہداری منصوبہ خطہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، تکمیل سے قائداعظم، علاقہ اقبال کے خوابوں کو تعبیر ملے گی،صدر مملکت کا خبیب فاؤنڈیشن کے زیراہتمام تقریب سے خطاب

پیر 25 اپریل 2016 22:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔25 اپریل۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے دہشت گردی، بدعنوانی جیسے مسائل کے سدباب کیلئے اجتماعی کاوشیں بروئے کار لانے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ نئی نسل کی دینی و ملی اقدار کے مطابق بہتر تربیت کرکے ایسی خرابیوں پر باآسانی قابو پا کر آئندہ کیلئے ان کا راستہ روکا جا سکتا ہے، سب لوگ خلوص نیت اور لگن سے اپنی ذمہ داریاں ادا کریں تو ملک ترقی کرے گا۔

انہوں نے یہ بات پیر کو یہاں یتیموں کے قومی دن کے موقع پرخبیب فاؤنڈیشن کے زیر اہتمام تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ صدر ممنون حسین نے ملک کو درپیش چیلنجوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آج کل ہم دہشت گردی کے جس عفریت کا شکار ہیں اس کی وجہ ناخواندگی بھی ہے اور اپنی اقدار سے دوری بھی لیکن اگر ہم اپنی نئی نسل کی دینی و ملی اقدار کے مطابق اچھی تربیت کرنے میں کامیاب ہو جائیں تواس مسئلہ پر آسانی کے ساتھ قابو پاکر آئندہ کیلئے اس خرابی کا راستہ روکاجاسکتا ہے۔

(جاری ہے)

اس مقصد کیلئے خبیب فاؤنڈیشن اور اس جیسے ادارے غیر معمولی خدمات سرانجام دے سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کی طرح کرپشن نے بھی ہمیں بہت نقصان پہنچایا ہے، اس کی وجہ سے نہ صرف قومی وسائل کا ضیاع ہوا بلکہ معاشرہ بے چینی اور ہیجان کا شکار بھی ہوا۔ کرپشن کی ایک وجہ لالچ کے ساتھ ساتھ اخلاقی اور روحانی تربیت میں کمی بھی ہے جس کے خاتمے کیلئے ہمیں معاشرتی سطح پر ایک بھرپور تحریک چلانے کی ضرورت ہے، ہم سب مل کر ہی اس لعنت کا خاتمہ کر سکتے ہیں جبکہ پاکستان کے نوجوان اس سلسلہ میں بہت اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

صدر مملکت نے پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ یہ عظیم الشان منصوبہ نہ صرف پاکستان بلکہ پورے خطہ کیلئے گیم چینجر ثابت ہو گا، اس کی تکمیل سے قائداعظم، علاقہ اقبال اور لیاقت علی خان کے خوابوں کی تعبیر ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ عوام ان ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں حکومت کا ساتھ دیں۔ انہوں نے کہا کہ 2018ء تک لوڈ شیڈنگ یا تو مکمل طور پر ختم ہو جائے گا یا ختم ہونے کے قریب ہو گی کیونکہ حکومت نے بجلی کے متعدد منصوبے شروع کر رکھے ہیں۔

صدر نے کہا کہ ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داریاں نہایت دیانتداری، لگن اور خلوص نیت سے کرنی چاہئیں تاکہ ملک ترقی کر سکے۔ یتیموں کے عالمی دن کے حوالہ سے گفتگو کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ اس ضمن میں خبیب فاؤنڈیشن اور اس جیسے اداروں کی معاشرے میں بہت اہمیت ہے لیکن میں سمجھتا ہوں کہ ان اداروں میں نشوونما پانے والے بچے ان سے بھی زیادہ اہم ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انسانی معاشرے میں بعض اوقات ایسے ناخوشگوار حادثات رونما ہو جاتے ہیں جن کے نتیجہ میں ہم اپنے پیاروں سے محروم ہو جاتے ہیں، یہ بڑی تکلیف دہ صورتحال ہوتی ہے جس میں انسان بے بس ہو جاتا ہے اور اس کے خیالات بھی پریشان ہو جاتے ہیں،اس طرح کے حالات میں ہمار ے اردگرد کے لوگ بھی بعض اوقات پریشانی کا سبب بنتے ہیں لیکن ایسے حادثات میں متاثر ہو جانے والے لوگ بھی کسی سے کم نہیں ہوتے بلکہ وہ بھی معاشرے کے ہر فرد کی طرح اتنے ہی اہم ہوتے ہیں جتنا کوئی دوسرا۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ اعلیٰ تعلیم کا حصول اور ترقی کی منازل طے کرنا ان کا بھی اسی طرح حق ہے جس طرح سب بچوں کا حق ہے۔ اس سلسلے میں سب سے اہم بات یہ ہے کہ اﷲ تعالیٰ نے حضور نبی کریم ? کو یتیم پیدا فرماکر آپ جیسے بچوں کا مرتبہ ہمیشہ کیلئے بلند کر دیا۔ صدر نے بچوں سے مخاطب ہوتے ہوئے زور دیا کہ ہمیشہ پرْ اعتماد رہیں، خود کو کسی سے کم نہ سمجھیں، علم کے حصول پر پوری توجہ دیں اور اپنے اندر اچھے اوصاف پیدا کر کے اﷲ کی رضامندی کے حق دار بن جائیں، دنیا میں اعلیٰ مقام آپ کو خود بخود مل جائے گا، اپنی محنت اور اچھے کردار سے نہ صرف اسے برقرار رکھیں بلکہ خلوص اور ایمان داری سے ملک و قوم کی خدمت کرکے مزید بلند مرتبہ حاصل کر لیں۔

پاکستان میں ترکی کے سفیر صادق بابر گرگن اور چیئرمین خبیب فاؤنڈیشن ندیم احمد خان بھی اس موقع پر موجود تھے۔