وزیراعلیٰ پنجاب سے کورین سفیر سانگ جانگ ہوان کی الوداعی ملاقات،باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات پرتبادلہ خیال

پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ اور معاشی روابط موجود ہیں، دونوں ممالک کو معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے،شہبازشریف کی گفتگو

پیر 25 اپریل 2016 21:26

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے پیر کو یہاں کوریا کے سفیر سانگ جانگ ہوان نے الوداعی ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور ، دو طرفہ تعلقات کے فروغ اور سماجی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کورین سفیر کے مستقبل کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور کوریا کے درمیان بہترین دوستانہ اور معاشی روابط موجود ہیں، تاہم دونوں ممالک کو معاشی، تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوریا کی جانب سے پنجاب کے مختلف شعبوں میں تعاون کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ کورین سفیر نے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان خصوصاً پنجاب حکومت کے ساتھ مختلف شعبوں میں تعاون بڑھایا جائے گا۔ پاکستان کے ساتھ تجارت اور سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے اقدامات جاری رہیں گے۔انہو ں نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف محنت اور عزم کے ساتھ صوبے کے عوام کی خدمت کر رہے ہیں۔