ملک کادستور حضرت علی ؓ کے جاری کردہ فرمودات واحکامات کی روشنی میں ترتیب دیاجائے،مخدوم فخر امام

پیر 25 اپریل 2016 20:37

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء)ممتاز سیاسی راہنما مخدوم سید فخر امام نے کہا کہ ملک کادستور حضرت علی ؓ کے جاری کردہ فرمودات واحکامات کی روشنی میں ترتیب دیاجائے جس سے پاکستان میں ترقی وکامرانی ،امن وآشتی کاخواب پورا ہوسکتا ہے ۔وہ یوم حسین کمیٹی ملتان کے ۳۵ویں سالانہ جشن ولادت حضرت علی ؓ اوردسترخوان ابوطالب ؑ کے عظیم الشان اجتماع سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب میں شیعہ وسنی برادران کی کثیر تعداد نے شرکت کی ۔تقریب سے مخدوم جاوید ہاشمی ،مخدوم سید علی موسیٰ گیلانی ،مولانا غلام مصطفےٰ انصاری ،سید اصغر عباس نقوی ،جناب شکیل لابر ،جناب روشن گردیزی ،جناب سید علی رضا گردیزی نے خطاب کیا جبکہ معزز شخصیات جناب نفیس احمد انصاری ،جناب جعفر علی شاہ ،جناب شمیم حیدر عابدی ،جناب حاجی سرفراز اورجناب ڈاکٹر کلیم عباس نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

ممتاز نعت خواں جناب صابر علی پیاروساتھیوں نے قصائد اورجناب سید سجاد نقوی نے امام عالی مقام کے حضور عقیدت نذرانہ پیش کیا اورجناب ابوطالب ؑ کی شان میں کلام پیش کیا ۔جناب سید شبر عباس نقوی نے سٹیج سیکرٹری کے فرائض جناب سید فخر امام نے کہاکہ حضرت علیؓ نے ملک وملت کی فلاح وبہبود کیلئے اپنے دور خلافت میں اپنے مقررکردہ حکمرانوں وعاملوں کوجواحکامات جاری کئے اس میں حکومت کوخداوند قدوس کی طرف سے مقدس امانت قرار دیا جبکہ عوام کے ساتھ عدل وانصاف کے برتاؤ اورظلم وناانصافی سے اجتناب کاحکم دیا ۔

آپ کے جاری کردہ احکامات پرعمل پیرا ہونے سے زندگی کے ہرشعبے اورعوام کے ہرطبقے میں ترقی وکامرانی کی راہیں کھل سکتیں ہیں ۔ ممتاز راہنما جناب مخدوم جاوید ہاشمی نے کہاکہ حضرت علی ؓ کی زندگی علم وعمل میں پختگی اورثابت قدمی حاصل کرنے کیلئے ایک مشعل راہ ہے ۔جناب مخدوم سید علی موسیٰ گیلانی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ مسلمانان عالم کی ترقی کاراز اقوال حضرت علی ابن ابی طالب کواپنے عمل وگفتار میں لاگو کرنے میں مضمر ہے ۔

ممتاز عالم دین جناب مولانا غلام مصطفےٰ انصاری نے کہاکہ دین اسلام کاپہلا تبلیغی اجتماع دعوت ذوالعشیرہ کے انعقاد سے شروع ہوا ۔حضرت ابوطالب نے توحید ورسالت کے درخت کی آبیاری اپنی دولت وجانثاری اورآپ کے پوتے سید الشہداء حضرت امام حسین ؓ نے اپنے لہو سے اسطرح کی ہے کہ قیامت تک کوئی پذیزی قوت اس درخت کی جڑوں کوہلانے کی جرأت نہیں کرسکتی ۔

آپ نے کہاکہ محسن خداورسول کے ایمان پربحث کرنا نہایت افسوس کی بات ہے ۔جس کی گود میں رسالت وامامت پروان چڑھے اسکے ایمان پرشک کرنے والے قیامت کے روز جواب دہ ہونگے ۔جناب سید اصغر عباس نقوی نے کہاکہ یوم علی ؓ کے یوم ولادت کے سلسلے میں منعقدہ یہ ۳۵واں سالانہ عظیم الشان اجتماع اوردستر خوان ابوطالب میں شیعہ وسنی برادران کی کثیر تعداد میں شمولیت اس بات کا ثبوت ہے کہ اگر نفرت وتعصب کی عینک اتار کرملک کے حکمرانوں اورعلمائے دین اتحاد وامن کی کوششوں کے تحت میدان عمل میں کردار اداکریں توملک میں امن قائم ہوسکتا ہے اورعوام میں خوشحالی کادور رونما ہوسکتا ہے۔

شیعہ ،سنی ،برادران نے تقریب کے آخرمیں دسترخوان ابوطالب میں بھرپور شرکت کی گئی اورملک وملت کی کامیابی کے لیے دعائیں مانگیں گئیں ۔