فلم جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان کی طرف سے کنول کی صحت یابی پر تقریب کا انعقاد

معذور بچوں کی نگہداشت کیلئے بورڈنگ ہاؤس بنا رہی ہوں، کنول

پیر 25 اپریل 2016 14:56

لاہور۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اپریل۔2016ء )پاکستان مسلم لیگ ن کی ایم پی اے و اداکارہ کنول نے کہا ہے کہ خدا نے مجھے صحت دے کر بہت بڑا انعام دیا ہے اور اب میں پہلے سے زیادہ اس کی مخلوق کی فلاح و بہبود کے لیے کام کروں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے فلم جرنلسٹس فاؤنڈیشن آف پاکستان کی طرف سے ان کی صحت یابی پرمنعقدہ تقریب سے الحمراء میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔

تقریب کے دیگر مہمانوں میں اداکار اورنگ زیب لغاری ،ماجد جہانگیر،طاہر نوشاد،غفار لہری ،ایگزیکٹو ڈائریکٹر لاہور آرٹس کونسل کیپٹن (ر) عطا محمد خان ،فلمساز چوہدری اعجاز کامران ،عرفان کھوسٹ،ارشد انصاری،طفیل اختر،فیاض خان ،انور رفیع،ابرار ہاشمی،امان اللہ،شیبا بٹ،ثمینہ بٹ،کنول فیروز،سہیل ضیا بٹ اور دیگر بہت سے مہمان شامل تھے۔

(جاری ہے)

کنول نے کہا کہ میں جلد معذور بچوں کی نگہداشت کے لیے رائے ونڈ روڈ پر ایک بورڈنگ ہاؤس بنا رہی ہوں جس کا پلاٹ وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف نے دیا ہے۔

کنول کی صحت کے حوالے سے انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہوئے پی ایم ایل ن کے رہنما اور سماجی کارکن سہیل بٹ نے کہا کہ کنول کی صحت یابی پر دل سے خوشی ہے ۔اداکار ماجد جہانگیر نے کہا کہ کنول نے میری بیماری اور مالی پریشانی میں میرا بھر پور ساتھ دیا ہے۔میں کنول اور حکومت پنجاب کا بے حد شکرگزار ہوں۔لاہور آرٹس کونسل کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر کیپٹن(ر) عطا محمد خان نے کہا کہ خدا کنول کو ہمیشہ تندرست رکھے میں خود سخت بیماری سے گزرا ہوں مجھے انکی تکلیف کا احساس ہے۔

کنول کو دوبارہ زندگی ملی ہے جو خدا کا ایک انعام ہے۔سابق صدر لاہور پریس کلب ارشد انصاری نے کہا کہ سیاست اور ثقافت کا چولی دامن کا ساتھ ہے۔فلمساز فیاض خان نے کہا کہ کنول واحد خاتون ہیں جنہوں نے فلم انڈسٹری کی فلاح کے لیے بہت کام کئے۔گلوکار حسین بخش گلو نے کہا کہ ہم سب فن کاروں کی دعائیں کنول کے ساتھ ہیں۔ہدایت کار جرار رضوی کا کہنا تھا کہ کنول کا اداکاری سے سیاست میں آنازیادہ سود مند ثابت ہوا۔

خدا انہیں ہمیشہ صحت مند رکھے۔گلوکار انور رفیع نے کہا کہ یقین تھا کہ کنول صحت یاب ہوں گی۔اس موقع پر کنول کو طاہر نوشاد ،انور رفیع،شیبا بٹ ،ثمینہ بٹ اور دیگر نے پھولوں کے گلدستے بھی پیش کیے۔تقریب کی میزبانی شکیل زاہد نے خوبصورت انداز سے کی جبکہ صحافیوں میں طاہر بخاری ،ٹھاکر لاہوری ،شجرالدین ،اشفاق حسین اور دیگر بہت سے صحافیوں نے شرکت ۔