دو روزہ بین الاقوامی ایجوکیشنل کانفرنس 30 اپریل سے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس میں منعقد ہو گی

پیر 25 اپریل 2016 14:53

فیصل آباد۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اپریل۔2016ء )”جدید تعلیمی مسائل اور ان کاحل سیرت رسول کی روشنی میں“ کے موضوع پر دو روزہ بین الاقوامی ایجوکیشنل کانفرنس 30اپریل بروز ہفتہ سے رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی فیصل آباد کیمپس میں منعقد ہو گی جس میں وفاقی وزیر مذہبی امور پیر امین الحسنات ، وزیر مملکت برائے پانی و بجلی عابدشیرعلی، چیئرمین قائمہ کمیٹی برائے دفاع قومی اسمبلی و ایم این اے چوہدری جعفر اقبال، چیئرمین ہائر ایجوکیشن کمیشن پاکستان پروفیسر ڈاکٹر مختار احمد اور چیئرمین ایچ ای سی پنجاب ڈاکٹر نظام الدین سمیت اہم شخصیات مہمان خصوصی و مہمانان اعزاز ہو ں گی نیز کانفرنس کے دوران امریکہ، یوکے، ترکی، نائجیریا، شام،ایران،بھارت اوردیگر8 ممالک سے مختلف یونیورسٹیوں کے سکالرز اپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے ۔

(جاری ہے)

رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی کے ترجمان نے بتایاکہ کانفرنس کے مختلف سیشنز کے دوران وائس چانسلر زرعی یونیورسٹی ڈاکٹر اقرار احمد،وائس چانسلرجی سی یونیورسٹی ڈاکٹر محمد علی، ایڈوائزر ایچ آر ڈی اورسابق وائس چانسلرزرعی یونیورسٹی ڈاکٹر ریاض حسین قریشی،سابق وائس چانسلرسرگودھا یونیورسٹی ڈاکٹر اکرم چوہدری،سابق وائس چانسلرمحی الدین یونیورسٹی مظفرآبادآزادکشمیر ڈاکٹر اسحاق قریشی،سابق پرنسپل گورنمنٹ کالج فیصل آبادڈاکٹرریاض مجید ودیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز اورشعبہ اسلامیات کے سربراہان خطاب کریں گے۔

انہوں نے بتایاکہ کانفرنس کے چیف پرو چانسلررفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی حسن محمد خان ہیں۔انہوں نے بتایاکہ خدیجہ الکبری ہال میں کانفرنس کے افتتاحی سیشن کی صدارت چیئرمین پاکستان ہائر ایجو کیشن کمیشن پروفیسرڈاکٹر مختار احمد کریں گے۔انہوں نے بتایاکہ اس موقع پرعلی گڑھ مسلم یونیورسٹی (انڈیا) کے معروف سکالرڈاکٹر عبیداللہ فہد فلاحی خصوصی خطاب کریں گے جبکہ چیئرمین رفاہ انٹرنیشنل فیصل آباد کیمپس پروفیسرڈاکٹر مدثراحمد مہمانوں کوکانفرنس کے اغراض و مقاصد سے روشناس کرائیں گے۔

انہوں نے بتایاکہ انٹرنیشنل کانفرنس کے پہلے دن کے دوسرے سیشن کی صدارت وفاقی وزیر مذہبی امور پیرامین الحسنات کریں گے جبکہ وائس چانسلر جی سی یونیورسٹی فیصل آباد پروفیسر ڈاکٹر محمد علی مہمان خصوصی ہونگے۔اس موقع پر مرمرا یونیورسٹی استنبول( ترکی) سے پروفیسر عبدالحمیدبریشک،اسلامک سنٹرلنکا شائر(بر طانیہ) سے ڈاکٹر عارف متین،سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے ڈاکٹر عبدالحمید خاروب،ڈائریکٹر شیخ زیداسلامک سنٹر پشاور یونیورسٹی ڈاکٹر دوست محمداورسابق وائس چانسلرمحی الدین یونیورسٹی آزاد کشمیر ڈاکٹر محمد اسحاق قریشی مہمانان ِاعزاز ہوں گے ۔

انہوں نے بتایاکہ ڈاکٹر عبدالحئی ابرو، ڈاکٹرضیاء الرحمان،ڈاکٹر حافظ شبیر احمدجامعی،ڈاکٹر فرہاد اللہ اورڈاکٹر ساجد اسداللہ مختلف موضوعات پراپنے تحقیقی مقالہ جات پیش کریں گے۔