وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف یکم مئی کو فیصل آباد میں میٹرنل نیو بورن سنٹر کاافتتاح کریں گے

پیر 25 اپریل 2016 14:51

فیصل آباد۔25اپریل(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔25 اپریل۔2016ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمدشہبازشریف یکم مئی بروز اتوار کو فیصل آباد میں میٹرنل نیو بورن سنٹر کاافتتاح کریں گے جبکہ سوشل سکیورٹی ہسپتال فیصل آباد میں مذکورہ سنٹر کے قیام سے شہریوں کو علا ج معالجہ کی بہتر سہولیات دستیاب ہو سکیں گی۔سوشل سکیورٹی ہسپتال فیصل آباد کے میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر محمد یونس ایاز نے بتایاکہ حکومت محنت کشوں اور مزدوروں کی فلا ح و بہبود اورا نہیں صحت کی تمام تر بنیادی سہولیات کی فراہمی پر اربوں روپے خرچ کر رہی ہے جبکہ اس ضمن میں سوشل سکیورٹی ہسپتالوں کو اپ گریڈ کرنے کے ساتھ صحت کے تمام شعبوں میں جدید سہولیات فراہم کی جارہی ہیں ۔

انہوں نے بتایاکہ فیصل آباد سوشل سکیورٹی کا شعبہ زچہ وبچہ بھی فنکشنل کردیاگیاہے۔

(جاری ہے)

محنت کشوں، مزدوروں اور ان کے اہل خانہ کوہسپتال میں علاج معالجہ کی بہتر ین سہولیات بہم پہنچائی جارہی ہیں۔انہوں نے کہا کہ محکمہ لیبر وزیراعلی پنجاب کے ویژن کے مطابق محنت کشوں اور مزدوروں کو صحت مندانہ ماحول مہیا کرنے کیلئے کوشاں ہے۔ انہوں نے زچہ وبچہ سنٹر میں صفائی اورداخل مریضوں کی بہتر طریقہ سے نگہداشت کرنے پر ہسپتال کی انتظامیہ کی کارکردگی پر بھی اطمینان کا اظہار کیااور ہدایت کی کہ ہر آنے والے مریض کے ساتھ خندہ پیشانی سے پیش آیاجائے تاکہ ان کی مشکلات اور پریشانیوں کو کم کرنے میں مدد مل سکے۔