سرگودھا واقعہ کیخلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کال پر سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز میں ہڑتال کی گئی

پیر 25 اپریل 2016 14:04

لاہور/شیخوپورہ/گوجرانوالہ/سرگودھا/سیالکوٹ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔25 اپریل۔2016ء)سرگودھا میں ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعہ کیخلاف ینگ ڈاکٹرز ایسوسی ایشن کی کال پر تمام سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈورز میں ہڑتال کی گئی جس سے علاج معالجے کیلئے آنیوالے ہزاروں مریضوں کو مایوس واپس لوٹنا پڑا ،لواحقین نے ڈاکٹروں کی ہڑتال کیخلاف احتجاجی مظاہرے کرتے ہوئے حکومت سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ۔

تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں ڈاکٹروں پر تشدد کے واقعہ کے خلاف ینگ ڈاکٹرز نے پریس کانفرنس کر کے ہڑتال کی کال دی تھی جس پر سوموار کے روز صوبائی دارالحکومت لاہور سمیت صوبہ بھر کے سرکاری ہسپتالوں کے آؤٹ ڈور ز میں ہڑتال کی گئی ۔ ینگ ڈاکٹرز ہسپتالوں میں موجود رہے جس کی وجہ سے سرکاری ملازمین نے مریضوں کی پرچیاں بھی نہ بنائیں جس سے علاج معالجے کے لئے آنے والے ہزاروں مریضوں کو بغیر علاج معالجے کے واپس لوٹنا پڑا ۔

(جاری ہے)

ینگ ڈاکٹرز کے عہدیداروں کاکہنا تھا کہ حکومت سے بارہا مطالبات کر چکے ہیں کہ ہسپتالوں میں سکیورٹی کی صورتحال کو بہتر کیا جائے لیکن اس پر توجہ نہیں دی گئی جس کے بعد ہم انتہائی اقدام اٹھانے پر مجبور ہوئے ہیں۔ دوسری طرف علاج معالجے سے محروم رہنے والے مریضوں اور انکے ہمراہ آنے والوں نے ینگ ڈاکٹرز کی ہڑتال کیخلاف ہسپتالوں کے احاطے میں مظاہرے کئے ۔

مظاہرین کا کہنا تھاکہ اگر انکے پاس اتنے پیسے ہوتے تو وہ ضرور دھکے کھانے سرکاری ہسپتالوں میں کیوں آتے ۔ مریضوں کی مشکلا ت کے جہاں ڈاکٹرز ذمہ دار ہیں وہی حکومت پر بھی اسکی ذمہ داری عائد ہوتی ہے۔اس سارے معاملے میں ریاست کہاں ہے ۔ ذرائع کے مطابق سیکرٹری صحت نے تمام ہسپتالوں کے ایم ایس صاحبان کو ہدایات دی ہیں کہ سرکاری ہسپتالوں کی ایمر جنسی میں ایک مریض ایک تیمار دار پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کرایا جائے ۔