امریکہ اور یورپ پاناما لیکس کے ذریعے پاکستان سے جمہوریت کا بستر گول کرنا چاہتے ہیں،مولانا محمد خان شیرانی

پیر 25 اپریل 2016 11:51

زیارت(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔25 اپریل۔2016ء) اسلامی نظریاتی کونسل کے چیئرمین اور جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سینئر رہنما مولانا محمد خان شیرانی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس کے پیچھے امریکا اور یورپ کا ہاتھ ہے، جس کے ذریعے وہ اپنے مذموم عزائم کو پورا کرنے کے لیے پاکستان کو غیر مستحکم اور
جمہوریت کو ڈی ریل کرنا چاہتے ہیں۔

(جاری ہے)

بلوچستان کے ضلع زیارت کے علاقے سنجوانی میں عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے مولانا محمد خان شیرانی کا کہنا تھا کہ مدرسے کبھی شدت پسندی اور دہشت گردی میں ملوث نہیں رہے، جبکہ مغربی طاقتوں نے پاکستان میں مدارس کو بدنام کرنے کے لیے ان کے خلاف پروپیگنڈا شروع کر رکھا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک میں موجود مدارس ہزاروں غریب بچوں کو مفت تعلیم فراہم کر رہے ہیں۔بلوچستان اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر مولانا عبد الواسع نے جلسے سے خطاب کرتے ہوئے الزام لگایا کہ چند این جی اوز ملک میں امن دشمن سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے مدارس پر پولیس کے چھاپے روکنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ مدارس نے کبھی شدت پسندی کی حمایت نہیں کی۔مولانا انوار الحق حقانی، مولانا حافظ محمد یوسف اور مولانا شیر جان نے بھی جلسے سے خطاب کیا۔