لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی

Sumaira Faqir Hussain سمیرا فقیرحسین پیر 25 اپریل 2016 11:28

لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی

لیہ(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔25 اپریل 2016ء): لیہ میں زہریلی مٹھائی کھانے سے ہلاک ہونے والے افراد کی تعداد میں اضافہ ہو رہا ہے۔ زہریلی مٹھائی کھانے کے نتیجے میں اب تک ہلاکتوں کی تعداد 25 ہو گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح زہرہلی مٹھائی کھانے والا دو سالہ بچہ بھی دم توڑ گیا جس پر مرنے والوں کی تعداد 25 ہو گئی ۔ تاہم اس معاملے پر وزیر اعلیٰ کی بھجوائی گئی خصوصی ٹیم واقعہ کی تحقیقات کر رہی ہے۔

صوبائی وزیر خوراک بلال یاسین نے حکومت پنجاب کی جانب سے مرنے والے 21 افراد کے ورثاء میں پانچ پانچ لاکھ روپے کے چیک تقسیم کیے ۔جاں بحق افراد میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد شامل ہیں ۔دوسری جانب پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ڈائریکٹر عائشہ ممتاز کی سربراہی میں لیہ بھجوائی گئی 10 رکنی ٹیم کی جانب سے بھی تحقیقات کا سلسلہ جاری ہے ۔

(جاری ہے)

ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے کوتاہی کے ذمہ داران کے تعین کیلئے غیر جانبدار اور شفاف انکوائری کرنے کی یقین دہانی کروائی ہے ۔

زہریلی مٹھائی میں جڑی بوٹیاں تلف کرنے والے زہر سیلفو لائل یوریا کی آمیزش اور اس کا تریاق دستیاب نہ ہونے پر ڈاکٹرز نے تمام متاثرہ مریضوں کی زندگیاں خطرے سے دوچار قرار دی ہیں۔جبکہ پولیس تھانہ فتح پور کی جانب سے زیر حراست تینوں ملزمان کے جسمانی ریمانڈ پر ان سے تفتیش کا عمل جاری ہے ۔