Live Updates

تحریک انصاف کا یوم تاسیس، گولڑہ موڑ، ترنول ، کورال اور آئی جے پرنسپل روڈ پر شدید ٹریفک جام،مسافر اور مریض کئی گھنٹے تک پھنسے رہے

اتوار 24 اپریل 2016 22:04

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) تحریک انصاف کے 20ویں یوم تاسیس کے سلسلہ میں پارٹی کارکنان کے ایف نائن پارک جلسہ میں شرکت کیلئے آنے کے باعث گولڑہ موڑ، ترنول ، کورال اور آئی جے پرنسپل روڈ پر شدید ٹریفک جام ہوگیا۔ کئی گھنٹے تک مسافر اور مریض پھنسے رہے۔ تفصیلات کے مطابق اتوار کو تحریک انصاف کے 20ویں یوم تاسیس کے حوالے سے ایف نائن پارک میں منعقدہ جلسہ میں شرکت کیلئے ملک کے تمام حصوں سے گاڑیوں میں سوار کارکنان کی اسلام آباد آمد سے ترنول پھاٹک، گولڑہ موڑ، کورال چوک ، آئی جے پرنسپل روڈ اور ایکسپریس ہائی وے پر بدترین ٹریفک جام ہوگیا۔

رش کے سبب گاڑیاں انتہائی کم رفتار سے آگے بڑھنے لگیں جس سے جڑواں شہروں میں دوسرے شہروں سے آنیوالے مسافروں سمیت خصوصی طور پر مریضوں کو تکلیف کا سامنا کرنا پڑا۔

(جاری ہے)

ایس ایس پی ٹریفک ملک مطلوب نے اے پی پی سے بات چیت کرتے ہوئے اس حوالے سے بتایا کہ جلسہ کے باعث تحریک انصاف کے کارکنان بڑی تعداد میں اپنی گاڑیوں اور دوسری ٹرانسپورٹ کے ذریعے اسلام آباد آرہے ہیں اور یہ کارکنان ویگنوں کی چھتوں پر چڑھ کر جگہ جگہ رک کر بھنگڑے اور ناچ گانا کر رہے ہیں جس کی وجہ سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوتی ہے تاہم ٹریفک پولیس کے خصوصی اقدامات کے باعث خصوصی دستے اور افسران جہاں بھی ایسی صورتحال ہوتی ہے وہاں پہنچ کر کارکنان کی رہنمائی کرتے ہوئے ٹریفک کو رواں کرنے میں معاونت کر رہے ہیں۔

انہوں نے ٹریفک رواں رکھنے کیلئے خصوصی ڈیوٹی انجام دینے والے اہلکاروں کو بہتر فرائض انجام دینے پر شاباش دی۔

Live پاکستان تحریک انصاف سے متعلق تازہ ترین معلومات

متعلقہ عنوان :