Live Updates

تحریک انصاف کے بانی عہدیداران و کارکنان کا عمران خان سے پارٹی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ ،تحریک انصاف نہ صرف اپنے نظریات تبدیل کرچکی ہے بلکہ پارٹی کے اندر کرپشن کا کلچر مضبوط ہو رہا ہے،بانی عہدیداران

اتوار 24 اپریل 2016 22:04

تحریک انصاف کے بانی عہدیداران و کارکنان کا عمران خان سے پارٹی چیئرمین ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) پاکستان تحریک انصاف کے 20 ویں یوم تاسیس پر پارٹی کی بنیاد رکھنے والے بانی عہدیداران، پی ٹی آئی پنجاب کے سابق صدر اور عمران خان کے قریبی عزیز سعید اللہ خان نیازی، پی ٹی آئی بلوچستان کے سابق صدر اکبر ایس بابر سمیت دیگر نے پارٹی کو بچانے اور کرپشن کلچر سے چھٹکارے کیلئے عمران خان سے پارٹی چیئرمین شپ سے استعفیٰ دینے کا مطالبہ کر دیا۔

تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف اتوار کو جب اپنے 20 ویں یوم تاسیس کے موقع پر عوامی اجتماع کر رہی تھی عین اس وقت تحریک انصاف کی بنیاد ڈالتے وقت عمران خان کے ساتھ بنیادی عہدیدار بننے والے بانی اراکین نے عمران خان سے پارٹی کی چیئرمین شپ سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ مطالبہ کرنے والوں میں عمران خان کے قریبی عزیز تحریک انصاف پنجاب کے سابق صدر سعید اللہ خان نیازی ، پی ٹی آئی بلوچستان کے سابق صدر اکبر ایس خان ، سابق وائس پریذیڈنٹ سید حسن شاہ ، نوید خان ایڈووکیٹ، خواجہ امتیاز اور سید رضا حسین منشاء سمیت دیگر پارٹی عہدیدار اور کارکنان شامل ہیں۔

(جاری ہے)

عمران خان سے استعفیٰ کا مطالبہ کرنے والوں کا موقف ہے کہ تحریک انصاف نہ صرف اپنے نظریات تبدیل کرچکی ہے بلکہ پارٹی کے اندر کرپشن کا کلچر چیئرمین تیزی سے مضبوط کر رہا ہے اور ضابطہ کے مطابق پارٹی انتخابات کو بھی دھاندلی زدہ بنا دیا گیا ہے۔ ان بانی اراکین کا یہ بھی کہنا ہے کہ پارٹی پر مفاد پرست اور ابن الوقت افراد قابض ہو چکے ہیں۔ اگر تحریک انصاف کو بچانا ہے تو فوری طور پر عمران خان چیئرمین کے عہدے سے الگ ہو جائیں تاکہ کارکنان کو حقیقی منشور رکھنے والی جماعت میسر آسکے۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات