شہبازشریف کا 4 گھنٹے طویل دورہ،نہ پروٹوکول ،نہ ٹریفک روکی گئی،ہماری عارضی تکلیف کوئی معنی نہیں رکھتی،مستقبل میں بے پناہ فائدہ پہنچے گا،شہریوں کی وزیراعلیٰ سے گفتگو

اتوار 24 اپریل 2016 20:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے صبح 7بجے ٹھوکر نیاز بیگ سے میٹرو ٹرین کے منصوبے کے روٹ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لینے سے متعلق بغیر پروٹوکول اپنے دورے کا آغاز کیا اور تمام روٹ پر تعمیراتی کاموں کا جائزہ لیا جبکہ ٹھوکر نیازبیگ اور یو ای ٹی کے سائٹ دفاتر میں اجلاسوں کی صدارت بھی کی۔ وزیراعلیٰ کا دورہ 11 بجے ڈیرہ گجراں میں میٹرو ٹرین کے ڈپو کے معائنے کے بعد اختتام پذیر ہوا۔

وزیراعلیٰ کے دورے کے دوران کسی موقع پر ٹریفک کو نہیں روکا گیا اور ٹریفک معمول کے مطابق رواں دواں رہی۔ وزیراعلیٰ نے روٹ کے مختلف مقامات پر گاڑی سے اتر کر نہ صرف خود تعمیراتی کاموں کی رفتار کا معائنہ کیا بلکہ مزدوروں ، شہریوں اور دکانداروں سے گھل مل گئے اور ان سے ہاتھ ملایا۔

(جاری ہے)

شہریوں نے وزیراعلیٰ کو دیکھ کر خوشگوارحیرت کا اظہار کیا۔

شہریوں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی درازی عمر اور میٹرو ٹرین کے منصوبے کی جلد تکمیل کیلئے دعا بھی کی اور کہا کہ میٹرو ٹرین اچھے دنوں کی نوید ہے اورعام آدمی کے اس عظیم الشان منصوبے کیلئے ہماری عارضی تکلیف کوئی معنی نہیں رکھتی بلکہ یہ مشکل جلد ہی ایسی آسانی میں بدلے گی کہ لوگ رشک کریں گے اس لئے ہم آپ کے ساتھ ہیں اور ساتھ کھڑے رہیں گے۔ چند دن کی تکلیف برداشت کرنے کا جو مستقل فائدہ پہنچے گا وہ بے پناہ ہوگا جس پر وزیراعلیٰ نے شہریوں کے جذبے کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ یہ آپ کا اپنا منصوبہ ہے اور پوری پاکستانی قوم کا منصوبہ ہے۔ اس پر شہریوں نے ”شیر آیا، میٹرو ٹرین لایا“ کے نعرے لگائے۔