پاناما لیکس میں پاکستان کے 240 افراد شامل ہیں، تمام کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے ‘ہم سب کو سپریم کورٹ کے کمیشن کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے‘ عمران خان2018تک آنے والے الیکشن کا انتظار کریں،علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ طاہر محمود اشرفی کا ”پیغام اخوت کنونشن “سے خطاب

اتوار 24 اپریل 2016 20:05

چکوال (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) علماء کونسل پاکستان کے سربراہ علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ پاناما لیکس میں پاکستان کے 240 افراد شامل ہیں لہٰذا تمام کا بلا تفریق احتساب ہونا چاہیے اور ہم سب کو سپریم کورٹ کے کمیشن کے فیصلے کا انتظار کرنا چاہیے۔ عمران خان2018تک آنے والے الیکشن کا انتظار کریں۔ اگر ان کے ہاتھ میں وزیراعظم کی لکیر ہوئی تو یقینا عوام ان پر اعتماد کریں گے۔

پاناما لیکس ایک بین الاقوامی سازش ہے اور عمران خان کو ملک میں افراتفری اور بد نظمی پیدا کرنے کی کوشش نہیں کرنی چاہیے۔ اتوار کو وہ علماء کونسل ضلع چکوال کے زیر اہتمام پیغام اخوت کنونشن سے خطاب کر رہے تھے۔ کنونشن کا استقبالیہ مولانا محمد ابو بکر نے پیش کرتے ہوئے کہا کہ دہشتگردی کا خاتمہ پوری قوم کی پہلی ترجیح ہے اور افواج پاکستان نے دہشتگردوں کو پیچھے دھکیل دیا ہے لہٰذا آخری دہشتگرد کے خاتمے تک آپریشن جاری رہنا چاہیے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مولانا شبیر احمد عثمانی، مولانا زاہد محمود قاسمی ، مولانا عبدالحمید وٹو، مولانا محمد ایوب صفدر اور حافظ محمد امجد نے بھی خطاب کیا۔ جبکہ اس موقع پر صاحبزادہ عبدالقدوس نقشبندی، مولانا ذکریا، صاحبزادہ محمود الحسن نقشبندی،مولانا عبید الرحمن تلہ گنگ، مولانا فضل حسین تلہ گنگ موجود تھے۔