میٹرو ٹرین چلے گی، عام پاکستانی فخر، عزت اور وقار سے سفر کرے گا‘ میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کو معیاری، باکفایت اور عالمی معیار کی تیز رفتار سفری سہولتیں فراہم کرے گا، ٹرانسپورٹ میں انقلاب برپا ہوگا‘ لوگوں کوگرد سے بچاؤ کیلئے پانی کا چھڑکاؤ تواتر کیساتھ جاری رکھا جائے، شہریوں کیلئے حفاظتی اقدامات فول پروف ہونے چاہئیں،وزیر اعلیٰ کا میٹرو ٹرین کے روٹ کا بغیر پروٹوکول 4 گھنٹے طویل دورہ، تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا،ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈیرہ گجراں تک روٹ پر تعمیراتی کاموں کا معائنہ کیا، سائٹ دفاتر میں اجلاسوں کی صدارت کی

اتوار 24 اپریل 2016 19:56

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے اتوار کو صبح لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے روٹ کا بغیر پروٹوکول اچانک دورہ کیا اور ٹھوکر نیاز بیگ سے ڈیرہ گجراں تک منصوبے کے روٹ پر تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کا جائزہ لیا۔ وزیراعلیٰ نے ٹھوکر نیازبیگ اور یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب سائٹ دفاتر میں اجلاسوں کی صدارت بھی کی،جس میں وزیراعلیٰ کو منصوبے کے پیکیج ون اور پیکیج ٹو کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت سے آگاہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ کا یہ دورہ 4 گھنٹے طویل تھا۔وزیراعلیٰ نے میٹروٹرین کے منصوبے کے سول ورکس پر ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہارکیااورمتعلقہ اداروں کے اعلی حکام اور کنٹریکٹرز کو ضروری ہدایات جاری کیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ نے مختلف مقامات پر گاڑی سے اتر کر نہ صرف خود تعمیراتی کاموں کی رفتار کا معائنہ کیا بلکہ مزدوروں، شہریوں اور دکانداروں سے گفتگو بھی کی اور ان کے ساتھ گھل مل گئے۔

وزیراعلیٰ شہبازشریف نے شہریوں، ورکرز اور دکانداروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو ٹرین کا منصوبہ عام آدمی کو معیاری، باکفایت اور عالمی معیار کی تیز رفتار سفری سہولتیں فراہم کرے گا اور اس منصوبے کی تکمیل سے ٹرانسپورٹ کے شعبہ میں انقلاب برپا ہوگا۔ طلبا، مزدور، ملازمت پیشہ خواتین، کسان، ڈاکٹرز، نرسز اور عام شہری وقت پر منزل پر پہنچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ہم ہر قدم عوام کی بہتری کیلئے اٹھا رہے ہیں۔ میٹرو ٹرین چلے گی اور اس عظیم منصوبے کی تکمیل سے عام پاکستانی عزت، وقار اور فخر کے ساتھ میٹرو ٹرین پر سفر کرے گا۔ شہریوں کی عارضی تکلیف کا پورا احساس ہے جو جلد مستقل راحت میں بدل جائے گی اوریہ پاکستان میں اپنی نوعیت کا پہلا منفرد منصوبہ ہے، جس کے تحت شہریوں کو بین الاقوامی معیار کی جدید ترین سفری سہولتیں میسر آئیں گی۔

میں خود منصوبے پر ہونے والی پیش رفت کی نگرانی کررہا ہوں ۔ وزیراعلیٰ نے مزدوروں کی محنت کو سراہتے ہوئے کہاکہ آپ اسی جذبے اور محنت سے کام جاری رکھیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ اس عظیم منصوبے سے ٹرانسپورٹ کا کلچر یکسر بدل جائے گااورعام آدمی باوقار انداز میں عزت کے ساتھ اپنی منزل مقصود تک پہنچنے گا۔ وزیراعلیٰ نے لاہور اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے پر پیشرفت کا جائزہ لینے سے متعلق سائٹ دفاتر میں اجلاسوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خوشی ہوئی ہے کہ تعمیراتی کام کو اعلی معیار کے ساتھ مکمل کیا جارہا ہے جس پر میں متعلقہ اداروں کو مبارکباد دیتا ہوں ۔

انہوں نے کہا کہ منصوبے پر اسی محنت اورلگن کے ساتھ کام جاری رکھا جائے اور تعمیراتی کاموں کو مقررہ مدت پر مکمل کیا جائے۔انہوں نے کہا کہ منصوبے پر کام کے دوران شہریوں کیلئے پورے روٹ پر فول پروف انتظامات ہر صورت یقینی بنائے جائیں اوررات کے وقت سرخ لائٹس کاخصوصی انتظام ہونا چاہیے تاکہ شہری بروقت آگاہ ہو سکیں۔انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ پاکستان کی تاریخ میں بین الاقوامی معیار کی سفری سہولتوں کی فراہمی کے حوالے سے رجحان ساز حیثیت رکھتا ہے ۔

محنت اورقومی جذبے کے تحت منصوبے پر کام کیا جائے۔ تعمیراتی کام کے معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے۔ شفافیت اور اعلیٰ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔میں خود تعمیراتی کام کے معیار کا جائزہ لوں گا۔ وزیراعلیٰ نے سول ورکس کو بہترین معیار کے ساتھ بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کی۔ وزیراعلیٰ نے یونیورسٹی آف انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی کے قریب لاہور اورنج لائن میٹرو ٹرین کے منصوبے کے سائٹ آفس میں اعلیٰ سطح کے اجلاس میں منصوبے کے تعمیراتی کاموں پر اب تک ہونے والی پیش رفت پر اطمینان کا اظہار کیا اور منصوبے پر کام کرنے والے اداروں کے افسران، اہلکاروں اور ٹھیکیداروں کو شاباش دیتے ہوئے کہا کہ اس قومی منصوبے پر جس محنت سے آپ کام کر رہے ہیں وہ لائق تحسین ہیں۔

لاہور میٹرو ٹرین کا منصوبہ پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا اور منفرد منصوبہ ہے اور یہ پورے پاکستان کا منصوبہ ہے۔ وزیراعلیٰ نے کمشنر اور ڈی سی او کو ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ میٹرو ٹرین کے روٹ کے اطراف لوگوں کو گرد اور دھول سے بچانے کیلئے پانی کا چھڑکاؤ تواتر کے ساتھ کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ رات کے وقت کام کے دوران لائٹس کا مناسب انتظام انتہائی ضروری ہے۔

وزیراعلیٰ نے سی ٹی او کو ہدایت کی کہ روٹ کے اطراف شہریوں کی سہولت کیلئے ٹریفک رواں دواں رکھنے کیلئے بہترین انتظامات یقینی بنائے جائیں اور اس ضمن میں شہریوں کو مشکلات پیش نہیں آنی چاہئیں۔ انہوں نے لاہور ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کو ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ روٹ پر صفائی کے مناسب انتظامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے کنٹریکٹرز کو ہدایت کی کہ ورکرز کی حفاظت ان کی بنیادی ذمہ داری ہے لہٰذا کام کے دوران ورکرز کی حفاظت کیلئے وضع کردہ طریقہ کار پر ہر صورت عملدرآمد یقینی بنایا جائے اور ورکرزکو ہیلمٹ پہن کر کام کرنا چاہیئے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ ورکرز کیلئے خوراک اور ٹھنڈے پانی کا بھی مناسب انتظام ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ روٹ کے اطراف شہریوں کی سہولت کیلئے دی جانے والی ہدایات پر پوری طرح عملدرآمد ہونا چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے ڈیرہ گجراں میں منصوبے کیلئے تعمیر کئے جانے والے ڈپو کا بھی معائنہ کیا۔ ڈی جی ایل ڈی اے احد چیمہ نے تعمیراتی کاموں پر پیش رفت کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی۔

شہریوں اور دکانداروں نے دورے کے دوران وزیراعلیٰ سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ عام آدمی کیلئے منصوبہ شروع کرنے پر ہم آپ کے شکر گزار ہیں اور آپ کیلئے دعاگو ہیں اور ہماری دعا ہے کہ یہ منصوبہ جلد مکمل ہو اور اس میں حائل تمام رکاوٹیں دور ہوں۔ ہماری چھوٹی سی تکلیف اتنے بڑے منصوبے کے سامنے کوئی معنی نہیں رکھتی۔ ہم آپ کے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔

انہوں نے کہا کہ اورنج لائن میٹروٹرین کامنصوبہ زبردست عوامی پراجیکٹ ہے اوراس سے شہریوں کو بہترین سفر سہولتیں ملیں گی۔آپ نے عوام کی سہولت اورمستقبل کی ضروریات کو مدنظر رکھ کریہ شاندار منصوبہ شروع کیا ہے جس پر تیزرفتاری سے کام ہو رہا ہے ۔بلا شبہ آپ کی قیادت میں پنجاب حکومت نے پہلے بھی ریکارڈ مدت میں منصوبے مکمل کیے ہیں اوریہ منصوبہ بھی ریکارڈ مدت میں مکمل ہوگا۔اس موقع پر اراکین اسمبلی افضل کھوکھر، سیف الملوک، خواجہ احمد حسان،ایم ڈی پنجاب ماس ٹرانزٹ اتھارٹی ،کمشنر لاہورڈویژن،ڈی جی ایل ڈی اے ،ڈی سی او لاہور،ایم ڈی نیسپاک اور دیگر متعلقہ حکام بھی موجود تھے ۔

متعلقہ عنوان :