ہم سندھ میں تعلیم کی بہتری کیلئے ہر حد تک جانے کو تیار ہیں، نثار احمد کھوڑو

جدید دور میں کچھ بھی کرنا ناممکن نہیں رہا مگر اس کے لئے جذبے کی ضرورت ہے،سینئر صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی

اتوار 24 اپریل 2016 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) سینئر صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی نثار احمد کھوڑو نے کہا ہے کہ ہم سندھ میں تعلیم کی بہتری کے لئے ہر حد تک جانے کے لئے تیار ہیں، اس جدید دور میں کچھ بھی کرنا ناممکن نہیں رہا مگر اس کے لئے جذبے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ روز محکمہ تعلیم و خواندگی ، حکومتِ سندھ کے ریفارم سپورٹ یونٹ کی جانب سے" عالمی یومِ کتاب "کی مناسبت سے ملیر کے قائد اعظم پبلک اسکول میں ”یومِ کتاب فیسٹیول“ کے انعقاد کے موقع پر اپنے خطاب میں کیا ۔

سینئر صوبائی وزیر برائے تعلیم و خواندگی نثار احمد کھوڑو نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہم سب پر فرض ہے کہ ہم اسکولوں کو آباد کر یں جس کے لیے ضروری ہے کہ اسکولوں میں بچوں کی انرولمنٹ بڑھانے میں اپنا کردار ادا کیا جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بچوں میں مضموں نویسی، کھیل کوداور دیگر مقابلے جذبے کو حقیقت میں بدلنے کا موقع فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ ان میں کچھ کر گزرنے کا عزم اور ارادوں میں مضبوطی پیدا کرتے ہیں اور بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے بھی اس طرح کی تقریبات ایک بہترین پلیٹ فارم ثابت ہو تی ہیں ۔

نثار احمد کھوڑو نے کہا کہ آج کی دنیا موبائیل لائبیریری میں تبدیل ہو گئی ہے اور ہم ایک موبائیل کے ذریعے پوری دنیا کی سیر کر سکتے ہیں مگر ہمیں ٹیکنالاجی سے فوائد حاصل کرنے کے لئے وسائل کا مثبت استعمال کرنا ہوگا۔ یوم کتاب بچوں میں پڑھنے کی عادت ڈالنے، کتب بینی کے فوائد سے آگہی سمیت تعلیمی مقاصد کے حصول کے لئے منایا جارہا ہے۔ اس دن بچوں میں اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے، فتوحات سمیٹنے اور خود اعتمادی میں اضافہ کرنے کے لئے مختلف تقریبات کا انعقاد کیا جاتا ہے۔

جس کے ذریعے بچوں میں خوداعتمادی اور مضبوطی پیدا ہو سکے اور ساتھ ساتھ ان کے ٹیلینٹ کو بھی اجاگر کیا جا سکے۔ اس موقع پر سنیئر صوبائی وزیر تعلیم نثار احمد کھوڑو نے ریفارم سپورٹ یونٹ کی جانب سے مقابلہ برائے مضمون نویسی میں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں میں تحائف تقسیم کیے اور انہیں مبارک باد دیتے ہوئے اس امید ظاہر کیا کہ وہ آگے بھی اپنی صلاحیتوں کو اجاگر کرنے کے لئے ایسے مقابلے میں حصہ لیتے رہیں گے۔

اس موقع پر مختلف سرکاری اسکولوں کے طلبا و طالبات نے ٹیبلوز پیش کئے اور ملی نغموں پر شاندار پرفارمنس کا مظاہرہ کر کے خوب داد حاصل کیا۔ تقریب میں سندھ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر مظہر الحق صدیقی، بورڈ کے عہدیداران شفیق پراچہ، ڈاکٹر شائستہ آ فندی سمیت مختلف تعلیمی و سماجی شخصیات کے ساتھ مختلف اسکولوں کے اساتذہ اور بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :