چارسدہ کی تحصیل تنگی میں مچھروں کی بہتات سے عوام ملیریاسمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا

ٹی ایچ کیو ہسپتال میں ملیریا نے وبائی مرض کی شکل اختیار کر لی

اتوار 24 اپریل 2016 16:31

چار سدہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء)چارسدہ کی تحصیل تنگی میں مچھروں کی بہتات سے عوام ملیریاسمیت مختلف بیماریوں میں مبتلا ٗٹی ایچ کیو ہسپتال میں ملیریا نے وبائی مرض کی شکل اختیار کر لی ۔تحصیل تنگی کے مختلف علاقوں میں ٹی ایم اے ملازمین کی جانب سے نالیوں کی ناقص صفائی کیوجہ سے شہری اور دیہاتی علاقوں میں مچھروں کی بہتات نے عوام کاجینا حرام کر دیا لوگ ملیریا سمیت دیگر مہلک بیمایوں میں مبتلا ہورہے ہیں ٗتنگی خدمت کمیٹی کے صدر سراج محمد ، ضلعی ممبر حاجی معاز اﷲ، ظہیر احمد ،مراد اﷲ خٹک ،میاں ساجد اور دیگر کے مطابق علاقے میں سرشام ہوتے ہی مچھروں کی نہ تھمنے والی بہتات سے لوگ عاجز آگئے ہیں اور اس کی بڑی وجہ علاقے میں بجلی کی ناروا لوڈ شیڈنگ بھی ہے جسکی وجہ سے واپڈا والے عوام کو مچھروں کے رحم و کرم پر چھوڑ کر بجلی کو ساری رات بند کر دیتی ہے ٗمچھروں کی بہتات کیوجہ سے ہسپتالوں اور کلینکوں میں ملیریا کے مریضوں کا بے تحاشہ اضافہ ہو رہا ہے اور شہر کے ہسپتالوں اور نجی کلینکو ں میں ملیریا کے مریضوں کا رش لگا رہتا ہے ۔

(جاری ہے)

جس کے باعث ہمارا معاشرہ صحت مند ہونے کے بجائے مزید بیماریوں میں مبتلا ہو رہاہے۔ تحصیل ہیڈ کواٹر ہسپتال تنگی کے ڈاکٹر اکرام کے مطابق80فیصد مریضوں میں ملیریا کے وائرس موجود ہوتے ہیں جن میں زیادہ تر خواتین اور بچے شامل ہوتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ عوام اختیا طی تدابیر اختیار کرتے ہوئے مچھر دانی اور انسداد ملیریا سپرے کر ائے جس سے وہ ملیریا جیسے دیگر مہلک بیماروں سے محفوظ ہونگے ۔ اہل علاقہ نے حکومت اورمقامی انتظامیہ سے صحت مند معاشرے کی تشکیل کے خواب یقینی بنانے کیلئے شہر اور دیہی علاقوں کے صفائی کیلئے خاص انتظام اور انسداد ملیریا سپرے کروانے کا پرزور مطالبہ کیا جس سے لوگ ملیریا جیسے موضی مرض سے بچ سکیں اور پر سکون زندگی گزار سکیں ۔