مطالبات کے حق میں کل ہڑتال اور سول سیکرٹریٹ کے باہر دھرنے کا فیصلہ اٹل ہے ‘ صدر ایپکا

پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں بھی ڈی سی او آفسز کے باہر حکومت کے اس رویہ کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائیگا‘ حاجی ارشاد

اتوار 24 اپریل 2016 15:02

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24اپریل۔2016ء) آل پاکستان کلرکس ایسوسی ایشن نے کہا ہے کہ مطالبات کے حق میں کل ( منگل ) کو ہڑتال اور دھرنے کا فیصلہ اٹل ہے جو مطالبات پورے ہونے تک جاری رہے گا۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ایپکا کے صوبائی صدر حاجی محمد ارشاد چوہدری نے کہا کہ سال 2010ء سے پچاس فیصد اضافے سمیت تمام ایڈہاک ریلیف کو ضم کرتے ہوئے سکیل ریوائز کیے جائیں،مہنگائی کے تناسب سے تنخواہوں میں اضافہ کیا جائے ،ہاؤس رینٹ کو جاری / ریوائز تنخواہ پر پچاس فیصد دیا جائے ،گروپ انشورنس کی رقم بلوچستان کی طرز پر ریٹارئرمنٹ پر دی جائے، اپ گریڈیشن سے محروم گریڈ 1 تا 16 تک کے تمام ٹیکنیکل و نان ٹیکنیکل کیڈرز کے ملازمین کو اپ گریڈ کیا جائے،پنشن کی شرح کے سابقہ طریقہ کار پچاس ،پچاس فیصد کو بحال کیا جائے ،شادی گرانٹ کم از کم چار لاکھ کی جائے،تنخواہیں نیشنل پے سکیل کے مطابق یکساں کی جائیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہمارے تمام مطالبات جائز ہیں اور حکومت انہیں منظور کرنے کا وعدہ بھی کر چکی ہیں لیکن اب جان بوجھ کر رکاوٹیں ڈالی جارہی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایپکا کے پلیٹ فارم سے 26 اپریل پنجاب بھر کے تمام اضلاع میں ڈی سی او آفسز کے باہر حکومت کے اس رویہ کیخلاف بھرپور احتجاج کیا جائے گا جبکہ لاہور میں لوکل گورنمنٹ کمپلیکس سے سول سیکرٹریٹ لاہور تک احتجاجی ریلی نکالی جائے گی جس میں لاہور بھر کے تمام محکمہ جات کے ملازمین شرکت کریں گے اور اپنے جائز مطالبات کی منظوری کے لیے سول سیکرٹریٹ کے باہر احتجاج کریں گے اور دھرنا دیا جائے گا جو کہ مطالبات کی منظوری تک جاری رہے گا۔

متعلقہ عنوان :